بریلی:اداکارہ دشا پٹانی کے والد اور ریٹائرڈ پولیس افسر جگدیش پٹانی ایک بڑے فراڈ کا شکار ہو گئے ہیں۔ دھوکہ بازوں نے انہیں ایک سرکاری کمیشن میں اعلیٰ عہدہ دلانے کا جھانسہ دے کر 25 لاکھ روپے ٹھگ لیے۔ جگدیش پٹانی نےبریلی کے کوتوالی تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی ہے، اور پولیس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔کوتوالی تھانے کے انچارج ڈی کے شرما کے مطابق، ملزمان میں شیویندر پرتاپ سنگھ، دیواکر گرگ، جونا اکھاڑے کے آچاریہ جے پرکاش، پریتی گرگ اور ایک نامعلوم شخص شامل ہیں۔ ان پر دھوکہ دہی، مجرمانہ دھمکی، اور زبردستی وصولی کے الزامات لگائے گئے ہیں۔
شکایت کے مطابق، جگدیش پٹانی شیویندر پرتاپ سنگھ کو ذاتی طور پر جانتے تھے، جنہوں نے انہیں دیواکر گرگ اور جے پرکاش سے متعارف کرایا۔ ملزمان نے سیاسی تعلقات کا دعویٰ کر کے جگدیش کو ایک اعلیٰ حکومتی عہدہ دلانے کا وعدہ کیا۔ اعتماد جیتنے کے بعد، ان افراد نے 25 لاکھ روپے حاصل کیے، جن میں 5 لاکھ نقد اور 20 لاکھ تین مختلف بینک اکاؤنٹس میں منتقل کروائے گئے۔جب تین ماہ تک کوئی پیش رفت نہ ہوئی، تو ملزمان نے سود کے ساتھ رقم واپس کرنے کا وعدہ کیا لیکن جب جگدیش نے رقم واپس مانگی، تو ملزمان نے انہیں دھمکیاں دینی شروع کر دیں۔ جگدیش نے یہ بھی الزام لگایا کہ ملزمان نے ایک شخص کو بطور ’خصوصی افسر‘ پیش کیا تاکہ ان کے جھوٹے سیاسی تعلقات کے دعوے کو مضبوط کیا جا سکے۔یاد رہے کہ جگدیش پٹانی یوپی پولیس میں سی او (سرکل آفیسر) کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔ معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے پولیس میں شکایت درج کرائی، اور اب پولیس ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کر رہی ہے۔
No Comments: