نئی دہلی : تقریبا تمام رویت ہلال کمیٹیوں نے اپنی اپنی میٹنگ کے بعد یہ اعلان کیا ہے کہ ہندوستان میںجمعرات کو عیدمنائی جائیگی کیونکہ 29رمضان المبارک کو شوال المکرم کا چاندملک کے کسی بھی حصے میں نہیں دیکھا گیا۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی جامع مسجد دہلی اور امارت شرعیہ ہند وغیرہ اداروں کی جانب سے ملک میں 11 اپریل بروز جمعرات کو عید کا تہوار منائے جانے کا اعلان کیاگیا ہے۔ امارت شرعیہ ہند، نئی دہلی کی جانب سے جو پریس نوٹ جاری کیا گیا ہے، اس میں بھی کچھ اس طرح کی بات لکھی گئی ہے۔ مولانا نجیب اللہ قاسمی (سکریٹری رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند) کے دستخط سے جاری بیان میں لکھا گیا ہے کہ ’’آج ابھی بعد نماز مغرب رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مفتی ذکاوت حسین قاسمی صاحب نائب امیر شریعت صوبہ دہلی و شیخ الحدیث مدرسہ امینیہ کشمیری گیٹ کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر 1، بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔ چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ دہلی میں مطلع صاف ہے، چاند نظر نہیں آیا اور کہیں سے رویت کی اطلاع نہیں ملی۔ اس لیے رویت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند 30 کی رویت کا اعتبار کرتے ہوئے اعلان کرتی ہے کہ کل بروز بدھ 30 رمضان المبارک ہے، اور بتاریخ 11 اپریل 2024 بروز جمعرات ماہِ شوال المکرم 1445ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔
حیدرآباد میںشوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا ماہانہ اجلاس ہواجس میں فیصلہ کیا گیا کہ بدھ 30رمضان البارک ہے اورعید الفطر جمعرات 11اپریل کو ہوگی ۔ یہ کمیٹی شرعی شواہد کی بنیاد پر ہندوستان میں چاند نظر آنے اور عید الفطر کی تاریخ کی تصدیق کرتی ہے۔کرناٹک کی مرکزی رویت کمیٹی کی جانب سے بھی کہا گیا کہ کرناٹک سمیت کسی بھی ریاست میں29رمضان المبارک کو شوال المکرم کا چاندنظر نہیں آیا ، اس لئے عید الفطر جمعرات 11اپریل کو ہوگی۔ دریں اثنا ءسعودی عرب کل عیدمنائی جائیگی کیونکہ ملک میں گزشتہ روز چاند نظر نہیں آیاتھا ۔
No Comments: