واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے وزیراعظم نیتن یاہو کو خبردار کیا ہے کہ غزہ میں شہریوں پر ’بلاامتیاز‘ بمباری کے نتیجے میں اسرائیل بین الاقوامی سطح پر حمایت کھو رہا ہے۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق واشنگٹن میں منگل کو فنڈز اکھٹے کرنے کی ایک تقریب سے خطاب میں جو بائیڈن نے کہا کہ اسرائیل کو امریکہ اور یورپی یونین سمیت اکثر ممالک کی حمایت حاصل ہے لیکن ’بلاامتیاز بمباری کی وجہ سے اب وہ یہ حمایت کھو رہا ہے۔‘اسرائیلی ٹینک اور جنگی جہاز منگل کو بھی غزہ پر بمباری کرتے رہے جس میں درجنوں فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔دوسری جانب آسٹریلیا، کینیڈا اور نیوزی لینڈ نے غزہ میں شہریوں کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار جنگ بندی کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
ان تینوں ممالک کے رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیے میں کہا ہے کہ غزہ میں شہریوں کے لیے محفوظ مقامات کی کمی پر پریشان ہیں۔اعلامیے میں کہا ہے کہ ’حماس کو شکست دینے کی قیمت یہ نہیں ہو سکتی کہ فلسطینی شہریوں کو مسلسل تکلیف میں رکھا جائے۔‘امریکی حکومت اسرائیل کے اس بیانیے سے اتفاق کرتی ہے کہ جنگ بندی سے صرف حماس کو فائدہ ہوگا تاہم اسرائیل کو خبردار کرنے کے ساتھ ساتھ جو بائیڈن نے کہا ہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو کو سخت نظریات رکھنے والی اپنی حکومت کو بدلنے کی ضرورت ہے۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 18 ہزار سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں-
No Comments: