قومی خبریں

خواتین

ڈیپ فیک ویڈیوز سے متعلق حکومت سخت ۔24نومبر کوتما م آن لائن پلیٹ فارمز طلب

مرکزی وزیر برائے الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجیو چندرشیکھر نے فرضی ویڈیو ہٹانے کے لئے 36 گھنٹے کی مہلت دی

نئی دہلی : مرکزی وزیر برائے الیکٹرانکس و انفارمیشن ٹیکنالوجی راجیو چندرشیکھر کے مطابق مرکزی حکومت نے 24 نومبر کو گوگل، فیس بک، یوٹیوب سمیت دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کو طلب کیا ہے۔ ساتھ ہی انھیں متنبہ کیا گیا ہے کہ اگر وہ اپنی سائٹس سے ڈیپ فیک ویڈیوز نہیں ہٹاتے ہیں تو ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور ان پر کیس بھی درج کیا جا سکتا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرکزی وزیر راجیو چندرشیکھر نے کہا کہ حکومت سبھی پلیٹ فارمز کو بتائے گی کہ وہ ڈیپ فیک ویڈیوز اور غلط اطلاعات کو سنگین خطرہ کس طرح تصور کرتی ہے۔ ساتھ ہی ڈیپ فیک ہندوستانی عوام اور انٹرنیٹ کا استعمال کرنے والے لوگوں کی سیکورٹی کے لیے کس طرح سے سنگین خطرہ ہے۔ راجیو چندرشیکھر نے کہا کہ حکومت سبھی پلیٹ فارمز کو متنبہ کرے گی کہ اگر وہ اپنی سائٹس سے ڈیپ فیک ویڈیوز نہیں ہٹاتے تو انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت ان پر سخت کارروائی کی جائے گی۔
مرکزی وزیر کا کہنا ہے کہ اطلاع ملنے کے بعد اگر سبھی پلیٹ فارمز 36 گھنٹے کے اندر اپنی سائٹس پر پوسٹ کردہ ڈیپ فیک کو ہٹا دیتے ہیں تو ان پر کارروائی نہیں کی جائے گی، لیکن اگر وہ ایسا نہیں کرتے تو متاثرہ شخص اس پلیٹ فارم کے خلاف عدالت کا رخ کر سکتا ہے۔ چندرشیکھر نے مزید جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ آئی ٹی ایکٹ میں نئی ترامیم کے تحت آن لائن پلیٹ فارمز کسی بھی غلط جانکاری یا ڈیپ فیک کو نہیں رکھ سکتے۔ انھوں نے کہا کہ آئی ٹی ایکٹ میں ترمیم سے یہ یقینی کرنا سائٹس کی ذمہ داری بن گئی ہے کہ ان کے پاس جو بھی مواد ہیں وہ غلط نہیں ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *