قومی خبریں

خواتین

عید میلادالنبی پر دہلی سمیت پورے ملک میں جلوس اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام

بارگاہ رسالت میں نذرانہ عقیدت پیش کئے جانے کے ساتھ ملک میں امن اورترقی کیلئے دعائیں کی گئیں

نئی دہلی : عید میلادالنبی کے موقع پر جمعرات کو قومی راجدھانی دہلی سمیت پورے ملک میں جلوس نکالے گئے اور دعائیہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا جن میں بارگاہ رسالت محمدصلی اللہ علیہ وسلم کو عقیدت کے نذرانے پیش کئے گئے اورملک میں امن اورترقی و کیلئے دعائیں کی گئیں ۔دہلی میں مرکزی انجمن عید میلاد النبیؐ کی جانب سے جلوس کا اہتمام کیا گیاجبکہ جلوس سے قبل جلسہ سیرت النبی منعقد ہوا جس میں سیاسی، سماجی اور مذہبی رہنماوں نے شرکت کی۔جلسہ کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ نعت شریف کے بعد مولانا آزاد عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم نے پوری دنیا کو امن و امان، بھائی چارہ، یکجہتی کا پیغام دیا۔ آج پھر موقع آیا ہے کہ ہم اس پیغام کو عام کریں۔ انھوں نے مزید کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان تو یہ تھی کہ آپ زخم کھا کر بھی دعائیں دیتے کیونکہ رب نے آپ کو رحمت العالمین بنا کر بھیجا تھا۔
دہلی حکومت میں وزیر عمران حسین نے اس موقع پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مبارک دن ہم سب کے لیے عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم برائیوں سے خود کو روکیں اور اسلام اور پیغمبر اسلام کے پیغام کو دنیا تک پہنچائیں۔ ڈپٹی میئر آل محمد اقبال نے کہا کہ خدا اور رسو لؐ کے احکامات پر چل کر زندگی گزارنا ہی دنیا و آخرت میں نجات کا ذریعہ ہے۔ اسی میں ہم سب کی بہتری ہے۔ ہم سب کو چاہیے کہ اپنے دلوں میں عشق رسول کا چراغ روشن کریں۔
رکن اسمبلی عبدالرحمن نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر اپنی بات رکھتے ہوئے کہا کہ آج کا دن بہت مقدس ہے اور ہمیں درس دیتا ہے کہ ہم اپنے اعمال کو بہتر کریں اور سب کی بھلائی کے لیے کام کریں۔ کونسلر سلطانہ آباد نے مبارک باد دیتے ہوئے انجمن کی کاوشوں کو سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
شمال مشرقی دہلی کے علاقوں میں بھی عید میلاالنبی کے جلوس نکالے گئے اور مذہبی رہنماؤں نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو اپنی زندگی میں شامل کرنے پر زور دیا۔ مصطفی آباد کے برج پوری علاقے میں نوری انجمن کمیٹی نے ایک پروگرام منعقد کیا جس میں دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر علی مہدی نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی اور کہا کہ اگر ہمیں کامیاب ہونا ہے تو پیغمبر اسلام سرکار دو جہاں حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کہ بتائے ہوئے راستے پر چلنا ہوگا۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *