نئی دہلی : نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) میں جنوبی ہند کی سب سے بڑی ساتھی اور تمل ناڈو کی اہم اپوزیشن پارٹی اے آئی اے ڈی ایم کے نے آج بی جے پی سے اتحاد توڑنے کا اعلان کر دیا۔ اے آئی ڈی ایم کے کے اس فیصلے کے بعد ریاست میں پارٹی کارکنان جگہ جگہ پٹاخے پھوڑ کر جشن منا رہے ہیں۔اے آئی اے ڈی ایم کے کی آج کی میٹنگ کے بعد ڈپٹی کوآرڈنیٹر کے پی منوسامی نے کہا کہ میٹنگ میں اے آئی اے ڈی ایم کے نے بی جے پی اور این ڈی اے اتحاد سے سارے رشتے توڑنے کا فیصلہ لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی اور این ڈی اے اتحاد کے سارے رشتے توڑنے کا فیصلہ لیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کی ریاستی قیادت گزشتہ ایک سال سے لگاتار ہمارے سابق لیڈران، ہمارے جنرل سکریٹری ای پی ایس اور ہمارے کارکنان کے بارے میں غیر ضروری تبصرہ کر رہی ہے۔
اے آئی اے ڈی ایم کے کی ترجمان ششی ریکھا نے کہا کہ اراکین کی رائے کی بنیاد پر ہم یہ فیصلہ لے رہے ہیں۔ یہ اے آئی اے ڈی ایم کے کے لیے سب سے خوشی کا لمحہ ہے۔ ہم آئندہ انتخابات کا سامنا کرنے کے لیے بہت خوش ہیں، چاہے وہ پارلیمانی انتخاب یا اسمبلی انتخاب ہو۔
اے آئی اے ڈی ایم کے کے بی جے پی اور این ڈی اے سے اتحاد ختم کرنے پر تمل ناڈو بی جے پی صدر کے انّاملائی نے فی الحال کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ انھوں نے کہا کہ وہ ابھی پدیاترا میں ہیں۔ بعد میں اس پر بولیں گے۔ وہیں بی جے پی لیڈر سی ٹی روی نے کہا کہ انتخاب میں آٹھ مہینے بچے ہیں اور ان مہینوں میں کیا ہوگا، ہم آج کچھ نہیں کہہ سکتے۔ پارٹی کو مضبوط بنانا ہر کارکن کی ذمہ داری ہے۔ کے. انّاملائی کی قیادت میں پارٹی کو مضبوط کرنے کا ایک بڑا کام کیا جا رہا ہے۔
No Comments: