
نئی دہلی ،10فروری (میرا وطن)
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کی دہلی اسٹیٹ کمیٹی کی جانب سے منگل جنتر منتر پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ یہ احتجاج آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما کی طرف سے بھارتیہ جنتا پارٹی کے آ فیشل ٹویٹر ہینڈل پر جاری کی گئی قابل اعتراض ویڈیو کے خلاف تھا، جس میں وہ اقلیتی مسلم کمیونٹی پر بند وق چلاتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔
اس موقع پر پارٹی کی سینئر لیڈر برندا کرات نے کہا کہ یہ واقعہ صرف اقلیتی برادری پر حملہ نہیں ہے بلکہ ہند وستان کے آئین پر گولی چلانے کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی عہدے پر فائز وزیر اعلیٰ کی جانب سے پرتشدد اور فرقہ وارانہ ذہنیت کا اس طرح کا عوامی مظاہرہ ملک کے جمہوری اور سیکولر ڈھا نچے کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ برندا کرت نے سپریم کورٹ سے اس معاملے کا ازخود نوٹس لینے وزیر اعلیٰ کے خلاف مقدمہ درج کرنے اور فوری قانونی کارروائی شروع کرنے کا مطالبہ کیا۔
پارٹی پولٹ بیورو کے رکن نیلوتپل باسو نے کہا کہ نفرت اور تشدد کو فروغ دینے والا شخص وزیر اعلیٰ کے عہدے پر رہنے کا اخلاقی حق کھو چکا ہے۔ انہوں نے واضح طور پر مطالبہ کیا کہ ہمانتا بسوا سرما فوری طور پر چیف منسٹر کے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔ پولٹ بیورو کی رکن مریم دھاولے نے بھی مظاہرین سے خطاب کیا۔
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کی دہلی اسٹیٹ کمیٹی نے کہا کہ حکمراں پارٹی کی سرپرستی میں فرقہ وارانہ اشتعال انگیزی اور اقلیتی برادریوں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے احتجاج فوری طور پر بلایا گیا ہے۔ پارٹی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ آئین، جمہوریت اور ملک کے سیکولر اتحاد کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
No Comments: