
نئی دہلی، 30جنوری(میرا وطن)
ریکھا گپتا سرکارکی جانب سے دہلی جل بورڈ کے ذریعے لائی گئی کثیر تشہیر شدہ پانی کے بل معافی اسکیم پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ سرکار کے اپنے ہی اعداد و شمار اس اسکیم کی قلعی کھول رہے ہیں۔ جمعہ کو عا م آدمی پارٹی کے دہلی پردیش صدر سوربھ بھاردواج نے اسکیم کی ناکامی پر بی جے پی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے آپ سرکارکے دور میں منظور کی گئی شاندار اسکیم کو اپنانے کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نام نہاد اصلاح پوری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے۔ جسے ماسٹر اسٹروک بتایا گیا تھا، اس کے ذریعے بقایاجات کا محض 8.5فیصد ہی وصول ہو سکا ہے۔
سوربھ بھاردواج نے کہا کہ مجموعی طور پر 5,057کروڑ روپے کے اصل بقایاجات میں سے اب تک صرف 430کروڑ روپے ہی حاصل ہو سکے ہیں۔ سرکارکے پاس اب 12.38لاکھ صارفین کے خلاف کارروائی کرنے کا کوئی راستہ نہیں بچا ہے۔ بی جے پی سرکار نے ایک پرانی اور ناکارہ اسکیم کو دوبارہ نافذ کیا، جبکہ آپ سرکار کی جانب سے 2023میں منظور کی گئی بہترین اسکیم کو روک دیا گیا۔ نظام کو درست کرنے کے بجائے انہوں نے عام عوام پر بوجھ اور غیر یقینی صورتحال ڈال دی۔
ایکس پر ایک پوسٹ میں سوربھ بھاردواج نے کہا کہ یہ خود وزیر کا اعتراف ہے کہ ان کی کثیر تشہیر شدہ لیٹ پیمنٹ سرچارج معافی اسکیم پوری طرح ناکام ہو گئی ہے۔ بی جے پی نے صارفین کے رویّے کو سمجھے بغیر پرانی اسکیم کو ہی نئے نام سے پیش کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے پرانی اسکیم کو کاپی پیسٹ کر کے اسے ماسٹر اسٹروک قرار دے دیا۔
No Comments: