
نئی دہلی ،14جنوری:
دارالحکومت دہلی کے ترکمان گیٹ علاقے میں واقع تاریخی مسجد درگاہ سید فیض الٰہی کے احاطے میں کی گئی انہدامی کارروائی کے معاملے کو آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال کے سامنے اٹھایا۔ وفد میں شامل آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے چیئرمین اور درگاہ اجمیر شریف کے سجادہ نشین حضرت سید نصیر الدین چشتی اورآل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل کے نائب صدر و درگاہ حضرت شیخ سلیم چشتی ؒ کے سجادہ نشین ارشد فریدی نے زور دے کر کہا کہ مساجد، درگاہوں اور قبرستانوں سے متعلق کسی بھی تنازع میں بلڈوزر کارروائی سے قبل دونوں فریقین کو اعتماد میں لے کر بات چیت اور مصالحت کا راستہ اختیار کیا جانا چاہیے۔کونسل نے اس بات پر تشویش ظاہر کی کہ ملک کے مختلف حصوں میں مذہبی مقامات سے متعلق انہدامی کارروائیوں کی خبریں عالمی سطح پر گردش کر رہی ہیں، جس سے ہندوستان کی گنگا جمنی تہذیب اور بین الاقوامی شبیہ کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ وفد کا کہنا تھا کہ ایسے حساس معاملات کو اگر میڈیا اور سیاسی بیانات کے ذریعے فرقہ وارانہ رنگ دیا جائے تو اس کے اثرات سماجی ہم آہنگی پر مرتب ہوتے ہیں۔ وفد نے کہا کہ عدالتوں کے فیصلے سب کے لیے قابل قبول ہیں، لیکن اگر حکومت ایک واضح مکینزم تیار کرے اور متعلقہ فریقین کو ایک میز پر بٹھائے تو کئی تنازعات باہمی رضامندی سے حل ہو سکتے ہیں۔
وفد نے تجویز دی کہ کونسل ایسے معاملات میں حکومت اور عوام کے درمیان پل کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے، تاکہ امن و امان اور بھائی چارے کا پیغام دیا جا سکے۔وفد نے اس موقع پر اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ عالمی سطح پر خصوصاً مسلم ممالک میں ہندوستان کو آج بھی عزت و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں تمام مذاہب اور برادریوں کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ تاہم، مذہبی مقامات سے متعلق متنازع کارروائیاں اس مثبت تاثر کو کمزور کر رہی ہیں۔قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈووال نے وفد کی باتوں کو توجہ سے سنا اور ملک کے تئیں ان کی سنجیدہ فکر مندی کی تعریف کی۔ اجیت ڈوول نے وفد کو یقین دلایا کہ پیش کی گئی تجاویز کو حکومت کے متعلقہ حلقوں تک پہنچایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں آئندہ دنوں کوئی رہنما خطوط یا لائحہ عمل طے کیا جا سکتا ہے۔
ملاقات کے دوران وفد میں حضرت سید فرید احمد نظامی ،درگاہ حضرت نظام الدین،علی شاہ ،درگاہ کلیر شریف،نیر میاں ،درگاہ رادولی شریف، اتر پردیش،ڈاکٹر حبیب الرحمن نیازی درگاہ، جے پور،محتشم علی درگاہ ابو اللہ، آگرہ ،علی ذکی حسینی، درگاہ گلبرگہ،حضرت سید عبدالقادر قادری ، نیشنل کوآرڈینیٹر، آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل،غلام نجمی فاروقی، نیشنل سیکریٹری، آل انڈیا صوفی سجادہ نشین کونسل شامل تھے۔
No Comments: