
نئی دہلی ،12جنوری (میرا وطن)
دہلی کے میئر سردار راجہ اقبال سنگھ نے عام آدمی پارٹی کی طرف سے لگائے گئے گمراہ کن، بے بنیاد اور سیاسی طور پر محرک الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ دعویٰ کہ دہلی سرکار ایم سی ڈی کو فنڈز دینے سے انکار کرکے اسے ’پنگو‘بنانے کی کوشش کر رہی ہے، بالکل غلط ہے۔ یہ الزامات حقائق کے بالکل برعکس ہیں اور محض عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش ہیں۔
میئر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا کی قیادت میں دہلی سرکارپورے شہر میں میونسپل گورننس، صفائی ستھرا ئی اور شہری بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام کونسلر وں کو واضح یقین دہانی کرائی ہے کہ ان کے وارڈز کی ضروریات کے مطابق مناسب فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج دہلی میں بی جے پی کی قیادت والی ’ٹرپل انجن‘ حکومت ہے اور ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہے۔
سردار راجہ اقبال سنگھ نے کہا کہ دہلی سرکار نے شہریوں کے لیے بہتر سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے تمام کونسلروں کو اپنے وارڈوں میں ترقیاتی کام کرنے کے لیے 3 کروڑ سے 8 کروڑ روپے تک کے فنڈز فراہم کیے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اپنی 10 سالہ حکومت کے دوران، عام آدمی پارٹی نے ایم سی ڈی کو کمزور کرنے کی مسلسل کوشش کی- فنڈز وقت پر جاری نہیں کیے گئے اور دستیاب فنڈز میں مسلسل کٹوتی کی گئی۔ اس کے برعکس، موجودہ بی جے پی سرکارنہ صرف ایم سی ڈی کو باقاعدگی سے فنڈز فراہم کرتی ہے، بلکہ وزیر اعلیٰ نے ایم سی ڈی کو اضافی 500 کروڑ روپے بھی مختص کیے ہیں۔
No Comments: