
نئی دہلی، 20دسمبر(میرا وطن)
عام آدمی پارٹی کے دہلی پردیش کنوینر سوربھ بھاردواج نے دم گھونٹ دینے والی فضا میں دہلی کی عوام کو چھوڑ کر خود احمدآباد میں میچ کا لطف اٹھا رہے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ پر حملہ بولا ہے۔ ان کے ساتھ پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی سنجیو جھا نے سابقہ سرکار کے دور کا ان کا ایک ویڈیو سو شل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کیا ہے، جس میں وہ خود کو دہلی کا لوکل گارجین بتاتے ہوئے آلودگی کے معاملے پر پچھلی سرکار پر انگلی اٹھاتے نظر آ رہے ہیں۔
اس موقع پرسوربھ بھاردواج نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی سرکار آتے ہی غائب ہو جانے والے دہلی کے یہ لوکل گارجین دہلی والوں کو گیس چیمبر میں چھوڑ کر احمدآباد میں میچ کا مزہ لے رہے ہیں ۔ گزشتہ ایک ہفتے سے دہلی کی ہوا زہریلی بنی ہوئی ہے، مگر بی جے پی سرکار صرف لمبی لمبی باتیں کرنے میں مصروف ہے۔
سوربھ بھاردواج نے ایکس پر کہا کہ دہلی کے لوکل گارجین دہلی والوں کو گیس چیمبر میں چھوڑ کر احمدآباد میں میچ دیکھ رہے ہیں۔ پہلے اپنے افسروں کی فوج کو ماسک پہنا کر روزانہ ٹی وی انٹرویو دیا کرتے تھے ، اب ٹی وی پر آنا ہی بند کر دیا ہے۔ آلودگی کی وجہ سے اسپتالوں میں مریضوں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی ہیں، لیکن دہلی کی بی جے پی سرکار گریپ-4 کے قواعد تک نافذ نہیں کر پا رہی ہے۔ سرکار خود تعمیراتی کام کروا رہی ہے۔ ریکھا گپتا سرکار کی نااہلی کا خمیازہ دہلی کے عام لوگ بھگت رہے ہیں۔
No Comments: