
:ریاض 26 نومبر:فٹ بال کے بین الاقوامی شہرت یافتہ کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے اپنی اہلیہ جورجینا روڈریگیز سے شادی کے لیے پرتگال کے جزیرہ مادیرا کے تاریخی شہر فونشال میں واقع کیتھیڈرل کا انتخاب کیا ہے۔ العرابیہ کے مطابق یہ ان کا آبائی شہر بھی ہے۔40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو اور 31 سالہ جورجینا نے اگست میں اپنی منگنی کا اعلان کیا تھا۔
جو دونوں کے درمیان 9 سال کے تعلق کے بعد انجام پائی۔پرتگالی اخبار “جورنال دا مادیرا” کے مطابق عالمی اسٹار نے اپنے آبائی جزیرے مادیرا کو شادی کی جگہ کے طور پر منتخب کیا ہے اور امکان ہے کہ شادی کی تقریب ورلڈ کپ 2026 کے بعد موسم گرما میں ہو گی۔رونالڈو نے شادی کی رسمی تقریب کے لیے فونشال کیتھیڈرل کا انتخاب کیا، اس کے بعد تقریب کو ایک پرتعیش ہوٹل میں منایا جائے گا۔
پرتگالی میڈیا کے مطابق فونشال کیتھیڈرل ان کے آبائی شہر کی قدیم ترین عبادت گاہ ہے۔ یہ 1514 میں تعمیر ہوئی تھی اور اس کا مرکزی محل وقوع اسے علاقے کا مذہبی دل بناتا ہے۔یہ مقام رونالڈو کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ اس اسپتال سے صرف دو میل کے فاصلے پر واقع ہے جہاں وہ پیدا ہوئے تھے۔ مزید یہ کہ مادیرا کا نیشنل یوتھ کلب جہاں رونالڈو نے بچپن میں کھیلنا شروع کیا، وہ بھی زیادہ دور نہیں ہے۔ رونالڈو اور جورجینا کی ملاقات 2016 میں ہوئی، جب جورجینا اسپین میں گوچی کے سٹور پر کام کر رہی تھیں اور رونالڈو ریال میڈرڈ کے لیے کھیل رہے تھے۔اس جوڑے کے دو بچے بھی ہیں : الانا (7 سال) اور بیلا (3 سال)۔ان کے علاوہ رونالڈو کے پہلے سے تین بچے بھی ہیں ۔ کرسٹیانو جونیئر (15 سال) اور میتھیو اور ایوا ماریا (8 سالہ جڑواں)۔رونالڈو نے بتایا کہ ان کے بچے ہی تھے جنہوں نے انہیں جورجینا سے شادی کرنے کی ترغیب دی۔ جورجینا نے بطور کاروباری شخصیت، ماڈل، اور سوشل میڈیا اسٹار ایک شان دار پیشہ ورانہ سفر شروع کیا ہے۔
No Comments: