قومی خبریں

خواتین

مشہور تاریخی سیاحتی مقام تاج محل کو بم سے اڑانے کی دھمکی

ای میل موصول ہوتے ہی محکمہ سیاحت کے ملازمین نے اعلیٰ افسران کو مطلع کیا

کئی ریاستوں میں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں لگاتار مل رہی ہیں، اس درمیان دنیا بھر میں مشہور تاریخی سیاحتی مقام تاج محل کو بم سے اڑانے کی دھمکی نے لوگوں میں خوف کا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ شر پسند عناصر نے یہ دھمکی ٹورزم ڈپارٹمنٹ کے آفیشیل ای میل پر دی ہے۔ دھمکی آمیز ای میل موصول ہوتے ہی تاج محل کی سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ موصولہ اطلاع کے مطابق محکمہ سیاھت کے آفیشیل ای میل پر یہ دھمکی ملی ہے۔ اس ای میل میں لکھا گیا ہے کہ تاج محل کے اندر بم نصب کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی چیلنج کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس بم کو پھٹنے سے روک سکو تو روک لو۔ ای میل موصول ہوتے ہی محکمہ سیاحت کے ملازمین نے اعلیٰ افسران کو مطلع کیا۔ اس کے بعد آناً فاناً میں معاملے کی جانکاری مقامی پولیس، سی آئی ایس ایف اور محکمہ آثار قدیمہ کے افسران کو دی گئی۔خبر ملتے ہی سبھی محکموں میں افرا تفری کا عالم پیدا ہو گیا۔ آناً فاناً میں موقع پر پہنچے سبھی محکموں کے افسران نے مشترکہ جانچ شروع کر دی۔ ڈاگ اسکواڈ اور بم اسکواڈ کی ٹیم کو بلا کر تاج محل کے اندر اور باہر سخت جانچ کرائی گئی۔ کچھ مقام پر اندیشہ کی صورت میں زمین کی کھدائی کر بم کی تلاش بھی کی گئی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال تاج محل احاطہ میں بم ہونے کا کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ اس کے باوجود پولیس اور دیگر متعلقہ ٹیمیں اس دھمکی کو سنجیدگی سے لے کر معاملے کی جانچ کر رہی ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *