قومی خبریں

خواتین

مہاراشٹر میں ونچت اگھاڑی نے لوک سبھا کے لیے چھ مسلم امیدوار کھڑے کیے

ملک کی اقتصادی دارالحکومت ممبئی سے تین مسلم امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں

ممبئی: مہاراشٹر میں ونچت اگھاڑی نے لوک سبھا انتخابات کے لیے چھ مسلم امیدوار کھڑے کیے ہیں۔ کسی بھی بڑی سیاسی پارٹی نے لوک سبھا 2024 کے انتخابات میں مہاراشٹر میں ایک بھی مسلم امیدوار کھڑا نہیں کیا ہے، صرف ونچت بہوجن اگھاڑی ریاست کی واحد سیکولر سیاسی جماعت ہے جس نے لوک سبھا انتخابات میں زیادہ سے زیادہ چھ مسلم امیدوار کھڑے کیے ہیں۔دلت لیڈر پرکاش امبیڈکر کی قیادت والی ونچت اگھاڑی نے ریاست کے انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) سابق افسر عبدالرحمان کو دھولیہ سے، جب کہ افسر خان کو اورنگ آباد شہر سے اور جمیل احمد کو کلیان سیٹ سے انتخابی میدان میں اتارا ہے۔
ملک کے اقتصادی دارالحکومت ممبئی سے تین مسلم امیدوار اپنی قسمت آزما رہے ہیں، جن میں جنوبی ممبئی سیٹ سے افضل داوندانی، جنوبی وسطی سے بہوجن اگھاڑی کے ممبئی صدر ابولحسن خان اور شمال مشرقی ممبئی سے دولت خان کوامیدوار بنایا گیا ہے۔سیکولرسٹ کانگریس، نیشنلسٹ کانگریس پارٹی شرد پوار اور شیوسینا ادھو ٹھاکرے سمیت کسی بھی بڑی سیکولر سیاسی جماعتوں نے مہاراشٹر میں مسلم امیدواروں کی نمائندگی نہیں کی ہے۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ چند دنوں میں مسلم ووٹرز کونسل آف انڈیا کی میٹنگ بلائی جائے گی، مسلم تنظیمیں اس سلسلے میں ایکشن پلان تیار کریں گی۔
مسلم ووٹرس کونسل آف انڈیا کے چیف کنوینر خان عبدالباری خان نے سیکولر فرنٹ انڈیا الائنس اور مہا وکاس اگھاڑی کی طرف سے مسلمانوں کی نمائندگی کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے پر حیرت اور افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ جیسے ہی لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کے امیدواروں کی فہرست جاری ہوئی، مسلم ووٹرز کونسل آف انڈیا نے مہاراشٹر کے اتحاد اور مہا وکاس اگھاڑی پارٹی کے رہنماؤں سے رابطہ کیا، میل اور خطوط میں انہوں نے پرزور مطالبہ کیا کہ مسلم آبادی کے حساب سے مسلم نمائندگی دی جانی چاہیے۔لیکن افسوس کہ کسی بھی سیاسی جماعت نے مسلمانوں کو نمائندگی دینے پر سنجیدگی سے غور نہیں کیا اور ممبئی و مہاراشٹر سمیت ملک بھر کی 21 چھوٹی بڑی ریاستوں سے ایک بھی مسلم امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا گیا۔ یہ واقعی ہندوستان کے مسلمانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *