حیدرآباد : رائل چیلنجرز بنگلورو (آرسی بی) نے سن رائزرس حیدرآباد کو 35 رنز سے شکست دے کر آئی پی ایل 2024 میں اپنی دوسری جیت درج کی۔ وراٹ کوہلی اور رجت پاٹیدار کی نصف سنچریوں کے بعد گیند بازوں کی شاندار گیند بازی کی بدولت آر سی بی نے حیدرآباد کو ان کے گھر میں ہی شکست دی۔ یہآرسی بی کی 9 میچوں میں دوسری جیت ہے جبکہ حیدرآباد کی 8 میچوں میں یہ تیسری شکست ہے۔ اس شکست کے ساتھ ہی حیدرآباد کی لگاتار 4 میچوں سے جیت کا رتھ بھی رک گیا۔ آر سی بی نے پچھلی شکست کا حساب بھی برابر کردیا۔ دونوں ٹیموں کا اس سیزن میں بنگلورو میں ٹکراؤ ہوا تھا جہاں حیدرآباد نے ہائی اسکورنگ میچ میں آرسی بی کو 25 رنز سے شکست دی تھی۔ آر سی بی کو ایک ماہ بعد دوسری جیت ملی۔ اس نے اس سیزن میں پہلی جیت 25 مارچ کو حاصل کی تھی۔207 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اتری سن رائزرس حیدرآباد کی شروعات انتہائی خراب رہی۔ ول جیکس نے طوفانی سلامی بلے باز ٹریوس ہیڈ کو کرن شرما کے ہاتھوں کیچ کروا کر حیدرآباد کو بڑا جھٹکا دیا۔ ہیڈ 3 گیندوں پر ایک رن بنا سکے۔ ابھیشیک شرما نے 13 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی۔ یش دیال نے انہیں دنیش کارتک کے ہاتھوں وکٹ کے پیچھے کیچ کرایا۔
ایڈن مارکرم بھی کچھ خاص نہیں کر سکے اور 8 گیندوں پر 7 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ ہینرک کلاسن بھی 7 رنز بنا کر سوپنل سنگھ کی گیند پر گرین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ کپتان پیٹ کمنز نے شارٹ گیند پر غلطی کی اور 15 گیندوں پر 31 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ انہیں کیمرون گرین نے سراج کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ بھونیشور 13 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔اس سے پہلے رجت پاٹیدار کی طوفانی اننگز اور وراٹ کوہلی کی محتاط نصف سنچری کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلورو نے 7 وکٹوں پر 206 رنز بنائے۔ پاٹیدار (20 گیندوں پر 50 رنز) نے کوہلی (43 گیندوں پر 51 رنز) کے ساتھ 65 رنز کی شراکت داری میں سب سے زیادہ رنز بنائے۔ کوہلی کی توجہ اپنے ساتھی کھلاڑی کو اسٹرائیک دینے پر تھی۔ کیمرون گرین (20 گیندوں پر 37 ناٹ آؤٹ) اور سوپنل سنگھ (6 گیندوں پر 12 رنز) نے آخری اووروں میں تیز رنز بنا کر آر سی بی کو 200 رنز سے آگے لے گئے۔
No Comments: