قومی خبریں

خواتین

سپریم کورٹ نےتوشہ خانہ کیس کا ٹرائل روکنے کی عمران خان کی اپیل مسترد کردی

پاکستان کےسابق وزیر اعظم عمران خان کی استدعا مسترد کرتے ہوئےعدالت نے انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دی

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس کا ٹرائل روکنے کی سابق وزیر اعظم عمران خان کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت دی ہے۔سپریم کورٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، الیکشن کمیشن حکام اور وکیل امجد پرویز سپریم کورٹ میں پیش ہوئے، عمران کی جانب سے وکیل خواجہ حارث پیش ہوئے۔ جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل عدالت عظمیٰ کے دو رکنی بینچ نے عمران خان کی اپیل پر سماعت کی۔سماعت شروع ہونے سے قبل کمرہ عدالت کے باہر شور شرابے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل کوباہر جا کر معاملات دیکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے مقدمہ کو نہیں سن سکتے، عدالت کی عزت و احترام سب پر لازم ہے، یہ آپ کی اور درخواست گزار کی ذمہ داری ہے کہ عدالت کی تکریم کو یقینی بنائیں۔کمرۂ عدالت کے باہر خاموشی ہونے پر ۲؍ رکنی بینچ نے سماعت دوبارہ شروع کی۔جسٹس مسرت ہلالی نے کہا کہ معاملہ ہائی کورٹ کو بھجوا رہے ہو تومقدمہ کیسے روک دیں۔ جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ ہائی کورٹ کا حکم چیلنج کریں گےتو تفصیل سے سن کر مناسب حکم جاری کریں گے۔ ابھی تو ہائی کورٹ نے براہ راست کوئی حکم نہیں دیا جس پر وکیل خواجہ حارث نے کہا کہ ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو ۷؍ دن میں فیصلے کا حکم دیا تھا۔
واضح رہےتوشہ خانہ کیس میںہی الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نا اہل قراردیا تھا اوران پر پانچ سال کی پابندی لگا دی تھی ۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *