Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

’ابوسعید ابوالخیر کی صوفیانہ تعلیمات اور ہندوستان میں ان کی مقبولیت‘کے عنوان سے خطبہ کا انعقاد

پروفیسر نشاط منظر نے ابوسعید کی ابتدائی زندگی اور شیخ ہجویری سے ان کی ملاقات پر بھی روشنی ڈالی

نئی دہلی ،30مارچ (میرا وطن نیوز )
شعبہ فارسی جامعہ ملیہ اسلامیہ کے ایرانولوجی ہال میں ’ابوسعید ابوالخیر کی صوفیانہ تعلیمات اور ہندوستان میں ان کی مقبولیت‘کے عنوان سے توسیعی خطبے کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس خطبے کی مقرر خاص پروفیسر نشا ط منظر، شعبہ تاریخ و ثقافت، جامعہ تھیں، جبکہ صدر شعبہ پروفیسر سید کلیم اصغر نے صدارت کے فرائض انجام دئے۔ نظامت ڈاکٹر زہرہ خاتون نے کی۔ جلسے کا آغاز ڈاکٹر یاسر عباس نے تلاوت کلام پاک سے کیا، جس کے بعد مہمانوں کا گلدستوں سے خیر مقدم کیا گیا۔
پروفیسر نشاط صاحبہ نے موضوع کی مناسبت سے ابوسعید ابوالخیر کی صوفیانہ تعلیمات ، ان کا انسان دوستی کا درس اور ہندوستان میں ان کی مقبولیت کے اسباب مختلف تصوف کی کتابوں کے حوالوں، جن میں بالخصوص شیخ ہجویری کی کشف المحجوب اور حضرت نظام الدین اولیائؒ کے ملفوظات(فوائد الفواد) جسے امیر حسن سجزی نے مرتب کیا تھا، سے پیش کیے۔ آپ نے ابوسعید کی ابتدائی زندگی اور شیخ ہجویری سے ان کی ملاقات کا ذکر بھی مختلف حوالوں جیسے سیر الاولیائ، جوامع الحکایات اور اسرار الاتوحید وغیرہ کے توسط سے پیش کیا۔ آپ نے اسرار التوحید فی مقامات ابوسعید کا ذکر بھی کیا جو ان کی وفات کے تقریبا سو سال بعد ان کے پوتے ابن منور نے ترتیب دی تھی۔
اس موقع پر ڈاکٹر محسن علی نے خانقاہوں میں لنگر سے متعلق روایات پر اپنا نظریہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ یہ روایات ہمیں سکھوں کے یہاں بھی بحسن و خوبی نظر آتی ہے۔ پروگرام کے صدر پروفیسر سید کلیم اصغر نے ابوسعید کی فارسی رباعیات ، نیز تصوف کیا ہے اور صوفیاءکی تعلیمات کا بنیادی مقصد کیا ہوتا ہے اس پر بالتفصیل روشنی ڈالتے ہوئے تمام شرکاءکا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر زہرہ خاتون کی تازہ تصنیف’ہند و ایران کے لسانی رشتے‘ (مقالات کا مجموعہ) کی رسم اجرا بھی عمل میں آئی۔ پروگرام میں مختلف یونیورسٹیوں اور شعبوں سے کثیر تعداد میں طلباءو طالبات نے شرکت کی۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *