قومی خبریں

خواتین

اسرائیلی بربریت کے خلاف کناڈا کی مشہور شاعرہ روپی کور کا احتجاج

امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی طرف سےدیوالی کے موقع پر ملی دعوت کو نامنظور کر دیا

واشنگٹن:امریکہ میں دیوالی کے موقع پر منعقد کی جانے والی ایک تقریب میں شامل ہونے سے کناڈا کی مشہور شاعرہ روپی کور نے انکار کر دیا ہے۔ وہائٹ ہاؤس کی طرف سے ملی دعوت کو انھوں نے نامنظور کر دیا ہے اور کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیل لگاتار حملے کر رہا ہے جسے امریکہ کی حمایت حاصل ہے۔ ایسے میں اس تقریب میں شامل ہونا مجھے منظور نہیں۔قابل ذکر ہے کہ ہند نژاد شاعرہ روپی کور کو وہائٹ ہاؤس میں منعقد عشائیہ میں مدعو کیا گیا تھا۔ اس تقریب کا انعقاد امریکی نائب صدر کملا ہیرس کی طرف سے کیا گیا ہے۔ اس دعوت کو ٹھکراتے ہوئے سوشل میڈیا پر روپی کور نے لکھا ہے کہ ’’میں ایسے کسی بھی ادارہ سے ملی دعوت کو خارج کرتی ہوں جو شہریوں کے مارے جانے کی حمایت کرتا ہو۔ اس میں سے بھی نصف تو بچے ہی ہیں۔
واضح رہے کہ وہائٹ ہاؤس ہر سال دیوالی کے موقع پر تقریب منعقد کرتا ہے جس میں امریکی حکومت کے لوگ بھی شامل ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ امریکہ میں مقیم ہند نژاد اشخاص بھی اس میں حصہ لیتے ہیں۔ ہر سال امریکی صدر بھی دیوالی کے موقع پر وہائٹ ہاؤس میں دیے جلاتے ہیں۔ اس بار امریکہ میں دیوالی کا جشن حماس-اسرائیل جنگ کے سبب کچھ حد تک متاثر ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔ روپی کور نے دیوالی کے جشن میں شامل ہونے کی امریکی دعوت کو خارج کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’دیوالی برائی پر اچھائی کی جیت کی علامت ہے۔ یہ تکبر پر علم کی فتح کا بھی پیغام دیتا ہے۔ اس موقع کو میں استحصال کے خلاف جنگ کے طور پر دیکھتی ہوں۔‘‘ ساتھ ہی روپی کور نے اپنے شیدائیوں سے بھی اپیل کی کہ وہ غزہ پر جاری مظالم کی مخالفت کریں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *