منگل کی صبح آئے زلزلے نے تبت میں تباہی مچا دی ہے۔ اس شدید زلزلہ کی زد میں آنے سے یہاں 32 لوگوں کی موت ہو گئی ہے جبکہ 38 زخمی بتائے جاتے ہیں۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق اموات کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ زلزلہ کے بعد پورے علاقے میں راحت اور بچاؤ مہم تیزی سے چلائی جا رہی ہے۔
چین کی ‘ژنہوا’ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق بڑی تعداد میں لوگ زلزلہ کے بعد ہی ملبے کے بیچ گھر میں پھنس گئے ہیں۔ انہیں باہر نکالنے کے لیے تیزی سے کام کیا جا رہا ہے۔ وہیں چین کی ہی سی سی ٹی وی نیوز ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ چین کی اسٹیٹ کاؤنسل نے تبت علاقے میں ایک نیشنل ٹاسک فورس بھیجی ہے اور لیول-3 ایمرجنسی کا اعلان کر دیا ہے۔ سی ای این سی کے مطابق تبت میں منگل کی صبح 9:05 بجے (بیجنگ وقت کے مطابق) آئے زلزلہ کی شدت ریختر پیمانے پر 6.8 درج کی گئی۔ اس زلزلہ کا مرکز 10 کلو میٹر کی گہرائی میں 28.5 ڈگری شمالی عرض البلد اور 87.45 ڈگری مشرقی طول البلد میں تھا۔
واضح ہو کہ آج صبح نیپال میں بھی زلزلہ کے زبردست جھٹکے محسوس کیے گئے، جس کی شدت ریختر پیمانے پر 7.1 درج کی گئی۔ اس کے علاوہ ہندوستان کی بھی کئی ریاستوں میں زلزلہ کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ ان ریاستوں میں بہار، آسام، سکم اور مغربی بنگال شامل ہیں۔ بہار میں پٹنہ اور دیگر ضلعوں کے لوگ ڈر کی وجہ سے اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔ حالانکہ ہندوستان میں فی الحال کسی بڑے نقصان کی خبر سامنے نہیں آئی ہے لیکن شدت کے زلزلہ کی وجہ سے احتیاط برتی جا رہی ہے۔
نیپال سے زلزلہ کے بعد جس طرح کی تصویریں سامنے آ رہی ہیں وہ خوف زدہ کرنے والی ہیں۔ یہاں بڑی بڑی عمارتیں ملبے میں تبدیل نظر آ رہی ہیں۔ جہاں بھی نظر پڑ رہی ہے وہاں تباہی کا منظر ہے۔ سوشل میڈیا پر تباہی سے جڑی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں۔
No Comments: