قومی خبریں

خواتین

نومنتخب امریکی صدر کے طور پر ڈونالڈ ٹرمپ کی حلف برداری

جنوبی سرحد پر ایمرجنسی اور غیر قانونی داخلے پر پابندی لگانے کا عزم

واشنگٹن :نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے عہدہ صدارت کا حلف اٹھالیا۔ ٹرمپ امریکہ کے 47 ویں صدر بن گئے ہیں۔امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے صدر ٹرمپ سے عہدے کا حلف لیا۔امریکی صدر کا حلف اٹھانے کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ وہ آج کے دن متعدد ایگزیکٹو آرڈرز پر دستخط کریں گے۔ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ ملک کی جنوبی سرحد پر ایمرجنسی نافذ کریں گے اور ملک میں غیر قانونی داخلے پر پابندی لگائیں گے۔انہوں نے کہاکہ وہ ’ری مین ان میکسیکو‘ پالیسی کو بحال کریں گے اور جنوبی سرحد پر فوج تعینات کر یں گے۔ڈونالڈ ٹرمپ نے خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کرنے اور پاناما سے پاناما کنال واپس لینے کا بھی اعلان کیا۔تقریب سے پہلے ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صدر بائیڈن سے ملاقات کی۔ ٹرمپ نے اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ واشنگٹن کے چرچ میں دعائیہ سروس میں بھی شرکت کی۔واشنگٹن ڈی سی میں شدید سردی کے باعث 40 سال بعد حلف برداری کی تقریب ان ڈور ہوئی۔ ٹرمپ کے اعلان پر ری پبلکن ارکان اور سوئنگ ریاستوں کے بعض ڈیمو کریٹک ارکان نے بھی تالیاں بجائیں۔انہوںنے کہا کہ امریکہ کا زوال ختم ہوا اب تبدیلی بہت جلدی آئے گی۔گزشتہ برس اپنے اوپر ہونے والے قاتلانہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ خدا نے انہیں امریکہ کو دوبارہ عظیم بنانے کے لیے بچایا ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انتخابات نے مجھے ایک خوفناک دھوکہ دہی کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کا مینڈیٹ دیا ہے۔اْن کا کہنا تھا کہ لوگوں کو اْن کا یقین اور اعتماد واپس لوٹانا ہے۔ اْن کی دولت، جمہوریت اور درحقیقت اْن کی آزادی اْنہیں واپس دینی ہے۔ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے حلف اْٹھانے کے بعد اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ آج سے امریکہ کے سنہرے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس دن سے آگے ہمارا ملک ترقی کرے گا اور پوری دنیا میں ایک بار پھر عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ نائب صدر جے ڈی وینس نے بھی اپنے عہدے کا حلف اْٹھا لیا ہے۔ڈونالڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کی کئی سیاسی شخصیات اور پاکستانی امریکن بھی شریک ہوئے۔ جاپان، ہندوستان، آسٹریلیا کے وزرا خارجہ بھی حلف برداری میں شریک رہے۔ چین کے نائب صدر نے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔گوگل کے سی ای او سْندرپچائی، میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اور ٹک ٹاک کے سی ای او شو چیو بھی تقریب میں شامل تھے۔حلف برداری سے قبل کیپٹل ون ایرینا میں ٹرمپ کی جیت کی خوشی میں ریالی نکالی گئی۔منگل کی صبح ٹرمپ واشنگٹن نیشنل کیتھڈرل میں ایک روایتی دعائیہ سروس میں شامل ہوں گے۔ٹرمپ کی حلف برداری کے سلسلہ میں چار روزہ تقاریب کا اہتمام کیا گیا جو منگل کو ختم ہورہی ہیں ۔ٹرمپ کے نئے انتظامیہ سے صنعت کاروں کو اچھی توقعات ہیں۔ٹرمپ نے حلف برداری سے قبل اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ عہدہ کا حلف اٹھانے کے بعد تیزی سے اقدامات کریں گے ۔ایمیگریشن سے متعلق سخت پابندیاں عائد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابی وعدوں کو وہ جلد پورا کریں گے۔

Next Post

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *