کابل :چین کابل میں اپنا سفیر تعینات کرنے والا پہلا ملک بن گیاہے ۔طالبان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ چینی سفیر ڈاکٹر ژاؤ شینگ نے اپنی سفارتی اسناد عبوری افغان وزیر اعظم ملا محمد حسن اخوند کو پیش کر دی ہیں۔چینی سفیر ڈاکٹر ژاؤ شینگ نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے ایکس پر ہی کہا کہ چینی حکومت اور قوم کی جانب سے وہ چینی سفیر کی حیثیت سے قبول کئے جانے پر افغان حکومت کا شکریہ ادا کرتےہیں۔ انہوں نے مزید لکھا کہ چین افغانستان کے ساتھ مضبوط اور قریبی سیاسی اور اقتصادی تعلقات چاہتا ہے اور اسے دونوں ممالک اور اقوام کی ضرورت اور فائدہ سمجھتا ہے۔
چین کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہاکہ یہ افغانستان میں چین کے سفیر کی معمول کے مطابق تقرری ہے۔ اس کا مقصد چین اور افغانستان کے درمیان بات چیت اور تعاون کو آگے بڑھانا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان کے حوالے سے چین کی پالیسی واضح ہے۔
افغانستان میں دیگر تمام غیر ملکی سفیروں نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ اسلامی جمہوریہ افغانستان کے تحت اپنے عہدے سنبھالے تھے، جسے 2021 ء میں طالبان نے ملک سے امریکہ کی قیادت میں بین الاقوامی افواج کے انخلا کے بعد ختم کر دیا تھا۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے چینی سفیر کی تقرری کو سراہا۔ انہوں نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کو بتایا کہ یہ تعیناتی دوسرے ممالک کو بھی آگے آنے اور امارت اسلامیہ کے ساتھ بات چیت کرنے کا اشارہ دیتی ہے۔
No Comments: