قومی خبریں

خواتین

کینیڈا میں 20 ہزار ہندوستانی طلبہ کالجوں سے غائب

ہندوستان اور کینیڈا کے مابین سفارتی تناؤ کے دوران امیگریشن، ریفیوجی اینڈ سٹیزن شپ کینیڈا (آئی آر سی سی) کی ایک رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ کینیڈا میں تعلیم حاصل کرنے والے تقریباً 20 ہزار ہندوستانی طلبہ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں اپنی حاضری درج نہیں کروا رہے۔ ان طلبہ کو تعلیمی اداروں میں ’نو شو‘ کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔ اس انکشاف کے بعد کئی سوالات اٹھے ہیں کہ یہ طلبہ آخر کہاں ہیں اور کیوں اپنے تعلیمی اداروں سے غائب ہیں؟
امیگریشن ماہرین کے مطابق، زیادہ تر غائب طلبہ کینیڈا ہی میں ملازمت کر رہے ہیں اور مستقل رہائش حاصل کرنے کے خواب کی تکمیل میں لگے ہیں۔ ہینری لوٹن، سابق وفاقی ماہر معاشیات اور امیگریشن امور کے ماہر، نے کہا کہ طلبہ امریکہ کی سرحد پار کرنے کے بجائے کینیڈا میں کام کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان کا مقصد کینیڈا میں مستقل رہائش اختیار کرنا ہو سکتا ہے۔
کینیڈا میں امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کو روکنے کے لیے 2014 میں ایک نظام متعارف کرایا گیا تھا جس کا مقصد فرضی طلبہ اور مشکوک اسکولوں کی شناخت کرنا تھا۔ امیگریشن حکام سال میں دو بار کالجوں سے طلبہ کی حاضری کا ریکارڈ طلب کرتے ہیں تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ طلبہ اسٹڈی پرمٹ کی شرائط پر عمل کر رہے ہیں۔اس مسئلے نے ہندوستان کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی توجہ بھی حاصل کی ہے، جو منی لانڈرنگ اور امریکہ میں انسانی اسمگلنگ کے ایک معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ یہ تحقیقات اس وقت شروع ہوئیں جب گجرات کے ایک خاندان کی موت کینیڈا-امریکہ سرحد عبور کرنے کی کوشش میں شدید سردی سے ہوئی۔
ہینری لوٹن نے تجویز دی ہے کہ بین الاقوامی طلبہ کو کینیڈا آنے سے پہلے مکمل فیس کی ادائیگی کا پابند بنایا جائے تاکہ سسٹم کے غلط استعمال کو روکا جا سکے اور ایسے طلبہ کی نشاندہی کی جا سکے جو صرف ورک پرمٹ کے حصول کے لیے اسٹڈی پرمٹ استعمال کرتے ہیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *