Vinco Paints - Advt

قومی خبریں

خواتین

مولانا حکیم عبداللہ مغیثی کے انتقال پرصدر جمعیت علماءہند کااظہار تعزیت

نئی دہلی ،5اپریل (میرا وطن نیوز )
جمعیت علماءہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے اتوار کو آل انڈیا ملی کونسل کے صدرو مہتمم جامعہ عربیہ گلزار حسینیہ اجراڑہ، حضرت مولانا حکیم عبداللہ مغیثی کے انتقال پرملال پر گہرے رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے تعزیتی بیان میں مولانا مدنی نے کہا کہ مولانا مرحوم کی حیات مستعار دین متین کی خدمت، ملت کی رہ نمائی، سماجی اصلاح اور قومی و ملی مسائل کے حل کےلیے وقف تھی۔مولانا ممدوح کو ملک کے کئی اکابر علماءسے گہرا تعلق اور خصوصی نسبت حاصل تھی۔ بالخصوص حضرت مولانا سید ابوالحسن علی حسنی ندوی کے حلقہ ارادت میں ان کا شمار ہوتا تھا۔ نیز جانشین شیخ الاسلام، فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی سے انہیں ایک خاص روحانی، علمی اور تنظیمی نسبت حاصل رہی، جن کی ملی رفاقت نے ان کی شخصیت میں فکری پختگی پیدا کی۔
وہ حضرت علامہ مولانا فخر الدین مرادآبادی کے شاگرد تھے ، اور زمانہ طالب علمی سے جمعیت علماءہند کی تحریکوں سے وابستہ رہے اور طویل عرصے تک جمعیت علماءمیرٹھ کے صدر کی حیثیت سے دینی و ملی بیدا ر ی کے میدان میں قابل قدر خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں آل انڈیا ملی کونسل سے وابستہ ہو کر آپ نےاپنی بالغ نظری سے ملت کی رہنمائی کا فرض ادا کیا۔اپنے وطن گھگرولی سہارن پور اور وطن سے دور اجراڑہ میرٹھ کی سرزمین پر بھی آپ نے دینی، تعلیمی اور اصلاحی خدمات کو اپنی زندگی کا نصب العین بنائے رکھااور ا?خری سانس تک اسی مشن سے وابستہ رہے۔
صدر جمعیت علماءہند دعا گو ہیں کہ اللہ رب العزت مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، ان کی دینی و ملی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے اور تمام پسماندگان، متعلقین، تلامذہ و عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل نصیب فرمائے۔دریں اثناجمعیت علماءصوبہ دہلی کے صدر مولانا محمد قاسم نور ی کی قیادت میں ایک وفد و دیگر جمعیت علماءکے ذمہ داروں نے اجراڑہ پہنچ کر نماز جنازہ میں شرکت کی اور اہل خانہ سے تعزیت اور دل جوئی کا بھی اظہار کیا ہے۔

Next Post

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *