نئی دہلی : کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کی ٹیم نے ٹیم انڈیا کو چھ وکٹوں سے شکست دے کر خطاب جیت لیا۔ اس پر ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے ٹیم انڈیا کا مورال بڑھایا اور ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ڈیئر ٹیم انڈیا، ورلڈ کپ کے دوران آپ کا ٹیلنٹ اور عزم قابل ذکر رہا۔ آپ نےنیک جذبے کے ساتھ کھیلا اور ملک کا نام روشن کیا۔ ہم آج اور ہمیشہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا اور ہندوستان پہلے کھیلتے ہوئے جیت کے لئے صرف 241 رنز کا ہدف دے سکا ۔ آسٹریلیائی ٹیم نے یہ ہدف 43 اوورز میں ہی حاصل کر لیا اور ہندوستانی ٹیم کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔یہ آسٹریلیا کا چھٹا ورلڈ کپ خطاب ہے۔ ٹیم نے دوسری بار فائنل میں ٹیم انڈیا کو شکست دی ہے۔ اس سے پہلے کنگارو ٹیم نے 2003 کے فائنل میں ہندوستانی ٹیم کو شکست دی تھی۔ آسٹریلیا نے 1987، 1999، 2003، 2007، 2015 اور اب 2023 میں ورلڈ کپ جیتا۔
No Comments: