نئی دہلی: ہندوستان نے موہالی ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر ایک بڑی کامیابی درج کی ہے۔ ٹیم انڈیا آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلے نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ ٹیم انڈیا نے اس دوران پاکستان کو پچھاڑ کر یہ مقام حاصل کیا ہے۔ ٹیم انڈیا اس وقت کرکٹ کے تینوں فارمیٹس میں پہلے نمبر پر ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب ہندوستانی ٹیم تینوں فارمیٹس– ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 میں ایک ہی وقت میں آئی سی سی کی درجہ بندی میں سرفہرست ہے۔
ہندوستانی ٹیم ون ڈے رینکنگ میں 116 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر پہنچ گئی ہے جبکہ پاکستانی ٹیم 115 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر چلی گئی ہے۔ آسٹریلیا کی ٹیم بدستور تیسرے نمبر پر ہے۔ پہلا ون ڈے ہارنے کے بعد آسٹریلیا کی ٹیم کو ریٹنگ پوائنٹس میں 2 پوائنٹس کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ اس سے قبل ہندوستان ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر تھا۔
محمد شامی کی 5 وکٹیں لینے کے بعد شبھمن گل، رتوراج گائیکواڑ، سوریہ کمار یادیو اور کے ایل راہل کی نصف سنچری اننگز کی بنیاد پر ہندوستان نے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیا کو 8 گیندیں باقی رہ کر 5 وکٹوں سے شکست دے دی، آسٹریلیا کی اننگز 276 رنز پر سمٹ گئی۔ اس کے بعد، ہندوستان نے 48.4 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنا کر آئندہ ورلڈ کپ کے لیے اپنی تیاریوں کو مضبوط کرلیا۔
ہندوستان کے لیے اوپنرز شبھمن گل (74) اور رتوراج گائیکواڑ (71) نے پہلی وکٹ کے لیے 142 رنز کی شراکت بنا کر فتح کی بنیاد رکھی۔ کپتان لوکیش راہل (ناٹ آؤٹ 58) اور سوریہ کمار یادو (50) نے 5ویں وکٹ کے لیے 85 گیندوں میں 80 رنز کی شراکت داری کی اور ٹیم کو فتح کے دہانے پر پہنچا دیا۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا دوسرا ون ڈے 24 ستمبر کو اندور میں کھیلا جائے گا۔
No Comments: