نئی دہلی : 24 سالہ شبھمن نے آئی سی سی وَنڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کر لیا ہے جو ہندوستانی کرکٹ کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ وَنڈے رینکنگ میں 950 دنوں تک اوّل مقام پر قابض رہنے والے پاکستانی بلے باز بابر اعظم اب دوسرے نمبر پر ہیں۔آئی سی سی کی تازہ رینکنگ میں شبھمن گل کو 830 ریٹنگ پوائنٹس حاصل ہوئے ہیں اور بابر اعظم 824 ریٹنگ پوائنٹس ملے ہیں ہیں۔ جنوبی افریقہ کے سلامی بلے باز کوئنٹن ڈیکوک تیسرے، جبکہ ماڈرن ماسٹر کے نام سے مشہور ہندوستانی بلے باز وراٹ کوہلی کو چوتھا مقام حاصل ہوا ہے۔
گیندبازی کے شعبہ میں بھی ہندوستانی کھلاڑی کو وَنڈے رینکنگ میں اوّل مقام حاصل ہو گیا ہے۔ عالمی کپ میں جسپریت بمراہ اور محمد سمیع کی خطرناک گیندبازی بھلے ہی دیکھنے کو مل رہی ہے، لیکن وَنڈے رینکنگ میں پہلے مقام پر محمد سراج نے قبضہ کیا ہے۔ کچھ ماہ پہلے بھی انھوں نے پہلا مقام حاصل کیا تھا، لیکن پھر شاہین شاہ آفریدی نے اس پوزیشن پر قبضہ کر لیا تھا۔ اب جو تازہ رینکنگ جاری ہوئی ہے اس میں محمد سراج 709 ریٹنگ پوائنٹ کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی کے لیے بری خبر یہ ہے کہ وہ 658 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پانچویں مقام پر چلے گئے ہیں۔ دوسرا مقام جنوبی افریقہ کے اسپن گیندباز کیشو مہاراج کو حاصل ہوا ہے جن کے 694 پوائنٹس ہیں۔ اس فہرست میں آسٹریلیائی اسپن گیندباز ایڈم زیمپا 662 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر اور ہندوستانی اسپن گیندباز کلدیپ یادو 661 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے مقام پر قابض ہیں۔
بہرحال !شبھمن گل کو اگر وَنڈے رینکنگ میں نمبر 1 پوزیشن پر بنے رہنا ہے تو انھیں عالمی کپ 2023 کے بچے ہوئے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اگر ایسا نہیں ہوا تو بابر اعظم پھر سے نمبر 1 بلے باز بن سکتے ہیں۔ دراصل دونوں کے درمیان محض 6 ریٹنگ پوائنٹس کا فرق ہے۔ ایسے میں بابر اعظم نے عالمی کپ کے میچوں میں اچھی بلے بازی کر دی اور شبھمن ایسا نہیں کر سکے تو پھر بابر از سر نو وَنڈے کے نمبر 1 بلے باز بن جائیں گے۔
No Comments: