ممبئی :سری لنکا کے خلاف ہندوستان کی تاریخی جیت درج کی ہے۔ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں آج ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان ہوئے عالمی کپ کے میچ میں سبھی کو انتظار تھا وراٹ کوہلی کی 49ویں سنچری کا، لیکن وہ 88 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے اور کرکٹ شائقین کا دل ٹوٹ گیا۔ لیکن ہندوستانی ٹیم نے مجموعی طور پر جو بلے بازی کی وہ لاجواب تھی، اور پھر اس کے بعد تیز گیندبازوں نے سری لنکائی بلے بازوں پر جو قہر ڈھایا وہ تو بے مثال ہی رہا۔ ہندوستان نے سری لنکا کے سامنے جیت کے لیے 358 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن پوری سری لنکائی ٹیم محض 19.4 اوورس میں 55 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ اس طرح ہندوستان کو 302 رنوں کی ایک بہت بڑی فتح حاصل ہوئی۔
آج کے میچ میں وراٹ کوہلی بھلے ہی سچن تندولکر کی 49 سنچری کی برابری نہیں کر پائے، لیکن تیز گیندباز محمد سمیع نے خاموشی کے ساتھ کچھ ایسے ریکارڈ بنا ڈالے جس کی طرف میچ سے پہلے شاید ہی کسی کا دھیان تھا۔ محمد سمیع نے عالمی کپ میں ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ 44 وکٹ لینے کا ظہیر خان کا ریکارڈ توڑ دیا۔ جیسے ہی انھوں نے آج سری لنکا کے خلاف اپنا پانچواں وکٹ لیا، انھوں نے عالمی کپ میں اپنے 45 وکٹ مکمل کر لیے۔ اتنا ہی نہیں، محمد سمیع نے ہندوستان کی طرف سے سب سے زیادہ 4 بار 5 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دے دیا ہے۔ انھوں نے ہربھجن سنگھ اور جواگل سری ناتھ کو پیچھے چھوڑا جنھوں نے 3-3 بار 5 وکٹ لینے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔
No Comments: