نئی دہلی : ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے شروع ہونے جا رہا ہے۔ پہلی مرتبہ یہ ٹورنامنٹ مکمل طور پر ہندوستان میں منعقد ہوگا۔ نوراتری کے پیش نظر ورلڈ کپ کے شیڈیول میں پہلے ہی تبدیلی کی جاچکی ہے اور اب ایک ہفتے بعد ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع ہو جائے گی۔ ادھر ورلڈ کپ کے 2 میچوں کی تاریخ میں ایک بار پھر تبدیلی دیکھی جا سکتی ہے۔ حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن نے بی سی سی آئی کو خط لکھ کر تبدیلیوں کا مطالبہ کیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق حیدرآباد کرکٹ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ اور ہالینڈ کے درمیان میچ 9 اکتوبر کو راجیو گاندھی اسٹیڈیم میں ہونا ہے۔ اگلے ہی دن 10 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان میچ ہونا ہے۔ ایسے میں حیدرآباد پولیس نے ان سے کہا ہے کہ لگاتار دو میچوں کو دیکھتے ہوئے ہمارے لئے سیکورٹی فراہم کرنا آسان نہیں ہوگا۔ خاص طور پر پاکستان کے میچ کے لئے۔ ایسوسی ایشن نے اپنا مسئلہ بی سی سی آئی کو بتا دیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ بی سی سی آئی اس پر عمل درآمد کرتا ہے یا نہیں۔
اس سے قبل 12 نومبر کو کولکاتہ میں ہونے والے پاکستان بمقابلہ انگلینڈ کے میچ کی تاریخ میں بھی تبدیلی کی گئی تھی۔ اب یہ میچ 11 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ بنگال پولیس نے کالی پوجا کی وجہ سے شیڈیول تبدیل کرنے کیلئے کہا تھا۔ اس کے علاوہ ہندوستان بمقابلہ پاکستان میچ کی تاریخ بھی تبدیل کر دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ ورلڈ کپ کے سبھی میچز ہندوستان میں ہونے والے ہیں۔ ایسے میں ٹکٹوں کو لے کر کافی مارا ماری ہوگی۔ رجسٹریشن 15 اگست سے شروع ہو گیا ہے اور بکنگ 25 اگست سے شروع ہو سکتی ہے۔ آپ آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جا کر ورلڈ کپ کے میچوں کے ٹکٹ بک کر سکتے ہیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 14 اکتوبر کو کھیلے جانے والے میچ کا ٹکٹ 3 ستمبر کو خریدا جاسکتا ہے۔
No Comments: