حیدرآباد: شہرحیدرآباد کے میلاردیوپلی پولیس اسٹیشن حدود میں کل شب بارش کے دوران دیوار کے گرنے کے نتیجہ میں تین بچے جاں بحق اورایک شدید زخمی ہوگیا۔ہ واقعہ بابل ریڈی نگر علاقہ میں پیش آیا۔مقامی افراد کی اطلاع پر پولیس وہاں پہنچی جس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم اور زخمی بچوں کو علاج کے لئے اسپتال منتقل کردیا۔جاں بحق بچوں کی شناخت 8سالہ نورجہاں،3سالہ آصف کے طورپر کی گئی ہے۔ ایک جاں بحق کے نام کا پتہ نہیں چل سکا۔مکان کی دیواربوسیدہ تھی جو 5بچوں پر گرپڑی۔
بتایاجاتا ہے کہ یہ بچے بہار سے تعلق رکھنے والے ایک خاندان کے ہیں۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی علاقہ میں غم کی لہردوڑگئی۔مقامی افراد کی اطلاع پر اے سی پی سرینواس ریڈی، کارپوریٹر سرینواس وہاں پہنچ گئے۔پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کردی۔اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کارپوریٹرسرینواس نے کہاکہ انہوں نے گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے عہدیداروں سے قبل ازیں خواہش کی تھی کہ وہ خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کا کام کریں اوران کو منہدم کیاجائے۔
بلدیہ کی لاپرواہی کے نتیجہ میں یہ بڑا واقعہ پیش آیا۔انہوں نے کہاکہ نہ صرف اس علاقہ بلکہ شہر کے مختلف علاقوں کی خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی موسم برسات کے پیش نظر کی جائے کیونکہ مکانات کی دیواریں گرنے کے نتیجہ میں غریب افراد کی موت ہوتی ہے۔انہوں نے زوردیتے ہوئے کہاکہ اس معاملہ پر قبل ازیں بھی بلدیہ کے عہدیداروں کو توجہ دلائی گئی تھی۔انہوں نے بلدی عہدیداروں بالخصوص مئیر سے مطالبہ کیا کہ اس واقعہ کے مہلوکین کے ارکان خاندان کے لئے معاوضہ فراہم کیاجائے۔
No Comments: