بلاس پور: چھتیس گڑھ ہائی کورٹ نے ریاست میں کورونا کی مدت کے دوران ہیلتھ ورکرز کے طور پر 6 ماہ تک خدمات انجام دینے والے کارکنوں کو سرکاری بھرتی میں 10 نمبر بونس دینے کی ہدایت دی۔ ریاستی حکومت نے تین سال پہلے اس کا اعلان کیا تھا، لیکن فائدہ نہیں دیا جا رہا تھا۔
نواگاؤں ضلع دھمتری کے رہنے والے درخواست گزار چندرکانت ساہو نے کووڈ-19 کے دوران عظیم پریم جی فاؤنڈیشن اور پرائمری کمیونٹی ہیلتھ سنٹر بیلارگاؤں کی طرف سے مشترکہ طور پر چلائے جانے والے کووڈ-19 پروگرام میں کام لیا تھا۔ چھ ماہ مکمل کرنے کے بعد ایسے ملازمین نے سروس مزید جاری رکھنے کی حکومت سے مانگ کی تھی۔ جس پر حکومت نے 7 دسمبر 2021 کو حکم جاری کیا کہ کووِڈ کی مدت کے دوران جن کارکنوں نے چھ ماہ تک کام کیا ہے، ان کو ریاست میں تھرڈ اور فورتھ گریڈ کی آسامیوں پر بھرتی کے عمل میں 10 پوائنٹس بونس دیا جائے گا۔
عرضی گزار چندرکانت نے محکمہ صحت، دھمتری ضلع کی بھرتی میں عظیم پریم جی فاؤنڈیشن میں کئے گئے اپنے کام کا سرٹیفکیٹ پیش کیا، لیکن اسے نہ مان کر بونس کے دس پوائنٹس نہیں دئے گئے۔ اس پر چندرکانت نے ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی۔ ہائی کورٹ کے جسٹس سچن سنگھ راجپوت کی سنگل بنچ نے کیس کی سماعت کے بعد حکم دیا ہے کہ حکومت کے ساتھ مشترکہ طور پر چلائے جانے والے کووڈ-19 پروگرام میں کام کرنے والوں کو بھی 10 پوائنٹس کا بونس دیا جائے۔ اس حکم سے چندرکانت جیسے ملازمین کو بڑی راحت ملی ہے۔
No Comments: