
چیف سکریٹری دہلی نے جائزہ میٹنگ میں ہدایات جاری کیں
شہاب الدین
نئی دہلی، 11 مارچ(میرا وطن نیوز)
دہلی سرکارنے واضح کیا ہے کہ قومی راجدھانی میں ایل پی جی، پٹرول، ڈیزل اور پی این جی کی سپلائی مکمل طور پر معمول پر ہے، اور کوئی کمی نہیں ہے۔ سرکار نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ گیس کی فراہمی کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کو نظر انداز کریں اور غیر ضروری گھبراہٹ یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔
دہلی کے چیف سکریٹری کی صدارت میں بدھ کو محکمہ خوراک، سپلائی اور کنزیومر افیئرز، دہلی پولیس، ریو نیو ڈپارٹمنٹ، اندرا پرستھ گیس لمیٹڈ اور مختلف آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے سینئر افسران کے ساتھ ایک ا ہم میٹنگ ہوئی۔ میٹنگ میں مشرق وسطیٰ میں جنگ جیسے حالات کی وجہ سے ایل پی جی گیس کی سپلائی میں رکاوٹ کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کے حوالے سے صورتحال کا جامع جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ میں اندرا پرستھا گیس لمیٹڈ کے حکام نے بتایا کہ پٹرولیم اور قدرتی گیس کی وزارت، حکومت ہند نے 9 مارچ کو ایک حکم نامہ جاری کیا۔ یہ حکم ترجیحی شعبوں کے لیے گھریلو پی این جی اورسی این جی کی فراہمی، منصفانہ، مساوی تقسیم اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے ضروری رہنما خطوط فراہم کرتا ہے۔ دہلی میں گھریلو استعمال کے لیے پی این جی کی کوئی کمی نہیں ہے۔ مزید برآں، ترجیحات کا از سر نو جائزہ لے کر، تقریباً 80 فیصد صنعتی شعبوں کو بلاتعطل گیس کی فراہمی کو باقاعدہ بنایا گیا ہے۔
آئل مارکیٹنگ کمپنی کے عہدیداروں نے بتایا کہ دہلی میں پٹرول، ڈیزل اور گھریلو ایل پی جی گیس کی سپلائی مکمل طور پر معمول پر ہے اور کمپنیوں کے پاس کافی ذخائر ہیں۔ تیل اور گیس کی سپلائی پہلے کی طر ح جاری ہے۔ گیس سلنڈروں کی بکنگ کی مدت 21 دن سے بڑھا کر 25 دن کر دی گئی ہے تاہم بکنگ کے بعد اوسطاً 2 سے 3 دن کے اندر سلنڈر صارفین کے گھروں تک پہنچائے جا رہے ہیں۔
میٹنگ کو یہ بتایا گیا کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے تعلیمی اداروں اور اسپتالوں کو ترجیح دیتے ہوئے کمر شل گیس سلنڈر کی فراہمی کے لیے رہنما اصول مرتب کیے ہیں۔ تیل کمپنیاں کمرشل گیس کی ہموار فرا ہمی کو یقینی بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہیں۔
سرکار نے گیس کی چوری یا بلیک مارکیٹنگ کو مو ¿ثر طریقے سے روکنے کو یقینی بنانے کے لیے ہدایات بھی جاری کی ہیں۔ اس مقصد کے لیے دہلی پولیس اور محکمہ محصولات کے افسران کو خاص طور پر چوکس رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ دہلی سرکارنے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ راجدھانی میں تیل اور گیس کی سپلائی مکمل طور پر ہموار ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایل پی جی گیس کی دستیابی سے متعلق افواہوں پر توجہ نہ دیں اور غیر ضروری گھبراہٹ یا ذخیرہ اندوزی سے گریز کریں۔
No Comments: