نئی دہلی: یوپی ایس ٹی ایف نے یوپی پولیس بھرتی امتحان پیپر لیک معاملہ کے کلیدی ملزم راجیو نین مشرا کو بدھ کی صبح نوئیڈا سے گرفتار کر لیا۔ ملزم پہلے بھی کئی امتحانات کے پرچے لیک کرا چکا ہے اور اس کے لیے جیل بھی جا چکا ہے۔خیال رہے کہ اتر پردیش پولیس بھرتی امتحان 18 فروری کو منعقد ہوا تھا اور اس کے کچھ دن بعد انکشاف ہوا کہ امتحان کے پرچے لیک ہو گئے تھے۔ اس کے بعد یوپی حکومت نے امتحان دوبارہ کرانے کا اعلان کیا اور اس معاملہ تحقیقات کے لیے اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) بھی تشکیل دی۔ایس ٹی ایف نے اس معاملے میں پہلی گرفتاری فروری میں کی تھی اور ملزم نیرج یادو کو گرفتار کیا تھا جو امیدواروں کو واٹس ایپ پر سوالات کے جوابات بھیج رہا تھا۔ اس کے بعد 5 مارچ کو اس معاملے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے یوپی پولیس بھرتی اور پروموشن بورڈ کی چیئرپرسن رینوکا مشرا کو ہٹا دیا گیا۔ حکومت نے 14 جون 2023 کو 1990 بیچ کی انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسر رینوکا مشرا کو اتر پردیش پولیس بھرتی اور پروموشن بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل اور چیئرمین کی ذمہ داری سونپی تھی۔بعد ازاں، جانچ کے دوران 6 مارچ کو ایس ٹی ایف کی ٹیم نے پیپر لیک معاملے میں میرٹھ سے 6 ملزمان کو گرفتار کیا۔ پولیس ٹیم کو ملزمان سے 18 فروری کو منعقدہ سیکنڈ شفٹ کے سوالیہ پرچے کے جوابات بھی مل گئے تھے۔ اس کے علاوہ پولیس نے ملزمان سے 8 موبائل فون اور ایک کار بھی ضبط کی تھی۔
No Comments: