قومی خبریں

خواتین

نتیش کمار کے ذریعے سرکاری افسران کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کام کو جلد نمٹانے کی گذارش

تیجسوی یادو نے ’ایکس‘ پر پوسٹ میں تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اتنا بے بس شائد ہی کوئی وزیر اعلیٰ ہوگا

پٹنہ :آج یہاں ایک سرکاری پروگرام میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سرکاری افسران کے سامنے ہاتھ جوڑ کر کام کو جلد نمٹانے کی گذارش کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد بہار کے اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ میںنتیش کمار کودنیا کا سب سے بے بس و لاچار وزیر اعلیٰ قرار دیا۔ اس کے ساتھ ہی تیجسوی یادو نے بہار میں جرائم، بدعنوانی اور انتظامی انارکی کی وجوہات بھی بیان کیں اور سرکاری افسران کوبھی نشانہ بنایا۔
بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ سرکاری افسران کے سامنے ہاتھ جوڑتے نظر آئے ہیں۔ وہ ایک افسر کا پیر پکڑ لینے کی بات بھی کہتے ہیں۔ ان کی اس ویڈیو پر آر جے ڈی لیڈر اور ریاست کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے طنز کیا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو پوری دنیا کا سب سے بے بس، بے اختیار اور لاچار وزیر اعلیٰ قرار دیا ہے۔
تیجسوی یادو نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ پوری دنیا میں اتنا لاچار، کمزور، ناقابل قبول، نا اہل، بے بس اور مجبور شاید ہی کوئی وزیر اعلیٰ ہوگا جو بی ڈی او، ایس ڈی او، تھانیدار سے لے کر اعلیٰ افسران اور یہاں تک کہ کسی ادارہ کے ذاتی عملہ تک کے سامنے بات-بات پر ہاتھ جوڑنے اور پیر پکڑنے کی بات کرتا ہو۔ تیجسوی یادو نے مزید لکھا ہے کہ بہار میں بڑھتے جرائم، بے لگام بدعنوانی، ہجرت اور انتظامی انارکی کی سب سے بڑی وجہ یہ ہے کہ ایک ملازم (افسر کو تو چھوڑیئے) وزیر اعلیٰ کی نہیں سنتا۔ کیوں نہیں سنتا اور کیوں احکام پرعمل نہیں کرتا؟ یہ غور طلب ہے۔ حالانکہ اس میں ملازمین اور افسران کا زیادہ قصور بھی نہیں ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *