پٹنہ : بہار میں نتیش کمار کی قیادت والی نئی حکومت نے اقتدار حاصل کرنے کے 15 دن بعد آج یعنی پیر کو ایوان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کر لیا ہے۔ پہلے بہار اسمبلی میں اعتماد کے ووٹ کو لے کر بحث ہوئی، پھر اعتماد کا ووٹ صوتی ووٹ سے منظور ہوا اور اس کے بعد ووٹنگ کرائی گئی۔ اس دوران اپوزیشن ارکان ایوان سے واک آؤٹ کر گئے۔ ووٹنگ میں نتیش حکومت کے حق میں 129 ووٹ ملے جبکہ مخالفت میں 0 ووٹ پڑے۔جیسے ہی نتیش حکومت نے ایوان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کیا، بہار میں گزشتہ 15 دنوں سے جاری سیاسی کھیل اور قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوگیا۔ دراصل ایوان میں فلور ٹیسٹ سے قبل اپوزیشن یعنی گرینڈ الائنس نے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت اقلیت میں ہے لیکن فلور ٹیسٹ میں اپوزیشن کا یہ دعویٰ غلط ثابت ہوا۔ خیال رہے کہ بہار اسمبلی میں ایم ایل اے کی کل تعداد 243 ہے۔ ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کے لیے 122 ایم ایل ایز کی حمایت ضروری ہے، لیکن فلور ٹیسٹ میں نتیش حکومت کو اس تعداد سے زیادہ ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہوئی۔
No Comments: