کولکتہ: مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے پیر کو ریاستی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے چھ وزراء کے اہم محکموں کو بدل دیا ہے۔اس ردوبدل کے تحت ریاستی محکمہ سیاحت کو گلوکار سے سیاستدان بنے بابل سپریو سے لیکر اندرنیل سین کو دے دیا گیا ہے، اندرنیل سین بھی گلوکار سے سیاستدان بنے ہیں ۔ بابل سپریوکے پاس انفارمیشن ٹکنالوجی اور الیکٹرانکس کے محکمے کے متوازی قلمدان ہیںجو ان کے پاس رہیںگے۔ اس کے علاوہ سپریو کو غیر روایتی توانائی کے محکمے کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔
اس تبدیلی میں ریاستی وزیر جنگلات، جیوتی پریا ملک کو پبلک انٹرپرائزز اور صنعتی تعمیر نو کے محکمے کا اضافی چارج مل گیا ہے۔ریاستی پنچایت امور اور دیہی امور کے وزیر پردیپ مجمدار کو ریاستی تعاون کے محکمے کا اضافی چارج دیا گیا ہے۔
سابق ریاستی تعاون کے وزیر اروپ رائے کو مغربی بنگال فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز اور باغبانی کے محکمے کا چارج دیا گیا تھا۔سابق ریاستی فوڈ پروسیسنگ انڈسٹریز اور ہارٹیکلچر کے وزیرغلام ربانی وزیر رہیں گے لیکن فی الحال انہیں کوئی محکمہ نہیں ملا ہے ۔
No Comments: