دہلی میں حکمراں عام آدمی پارٹی (عآپ) نے اپنی چوتھی اور آخری امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال اپنی روایتی نشست نئی دہلی سے انتخابات لڑیں گے، جبکہ وزیر اعلیٰ آتشی کالکاجی سے میدان میں ہوں گی۔
وزراء سورو بھاردواج گریٹر کیلاش اور گوپال رائے بابرپور سے پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ فہرست میں زیادہ تر وہ امیدوار شامل ہیں جنہوں نے 2020 کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔ موجودہ وزراء جیسے سورو بھاردواج، عمران حسین، گوپال رائے اور مکیش کمار اہلاوت کو دوبارہ ٹکٹ دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، سومناتھ بھارتی، درگیش پاٹھک اور امانت اللہ خان جیسے بڑے ناموں پر بھی پارٹی نے اعتماد برقرار رکھا ہے۔ فہرست کا سب سے حیران کن نام رمیش پہلوان کا ہے، جنہوں نے آج ہی اروند کیجریوال کی موجودگی میں عام آدمی پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ رمیش پہلوان کو کستوربا نگر سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ رمیش کی اہلیہ کسم لتا، جو کہ کونسلر ہیں، نے بھی پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے۔ یہ دونوں 2017 میں پارٹی چھوڑ چکے تھے لیکن 7 سال بعد دوبارہ اس میں شامل ہو گئے ہیں۔
اہم امیدواروں کی فہرست
اروند کیجریوال (نئی دہلی)
آتشی (کالکاجی)
عمران حسین (بلیماران)
گوپال رائے (بابرپور)
سومناتھ بھارتی (مالویہ نگر)
سورو بھاردواج (گریٹر کیلاش)
امانت اللہ خان (اوکھلا)
رمیش پہلوان (کستوربا نگر)
عام آدمی پارٹی نے ان انتخابات میں اپنے بیشتر موجودہ ممبران اسمبلی پر اعتماد کیا ہے اور انہی کو دوبارہ ٹکٹ دیا ہے تاکہ اپنے کام کے تسلسل کو برقرار رکھا جا سکے۔
No Comments: