تھانے : مہاراشٹر کے تھانے شہر میں 24 گھنٹوں کے اندر میونسپل کارپوریشن کے زیر انتظام اسپتال میں داخل 18 مریضوں کی موت سے افراتفری مچ گئی ہے۔ یہ واقعہ تھانے کے کلوا کے سرکاری چھترپتی شیواجی مہاراج میموریل اسپتال (سی ایس ایم ایم) میں پیش آیا، جہاں 10 اگست کو ایک دن کے اندر پانچ مریضوں کی موت ہو گئی اور پھر اس کے بعد موت کا سلسلہ نہیں رکا اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 18 مریضوں کی موت سے غم و غصہ پھیل گیا۔ اب اس واقعے پر سیاسی بیانات بھی سامنے آرہے ہیں۔ ساتھ ہی حکومت نے معاملہ کی جانچ اور لاپرواہی پر کارروائی کی بات کی ہے۔
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار نے اموات پر افسوس کا اظہار کیا اور بروقت کارروائی نہ کرنے پر ضلع انتظامیہ کی تنقید کی۔ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹویٹر پر پوسٹ کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا: گزشتہ کچھ دنوں میں یہاں 5 مریضوں کی موت کا واقعہ سامنے آیا تھا۔ اس کے بعد کل رات تھانے میونسپل کارپوریشن کے کوپاری میں واقع چھترپتی شیواجی مہاراج اسپتال میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں 17 مریضوں کی موت ہوگئی۔ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ انتظامیہ تب بھی نہیں جاگی جب گزشتہ کچھ دنوں میں 5مریضوں کی موت کا واقعہ تازہ تھا۔ میں مرنے والوں کے اہل خانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں اور اظہار تعزیت کرتا ہوں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مرنے والے زیادہ تر مریض آئی سی یو میں داخل تھے۔ میونسپل کمشنر ابھیجیت بانگر نے کہا کہ گزشتہ 48 گھنٹوں میں 18 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ مرنے والے مریضوں میں سے کچھ پہلے ہی مختلف حالات جیسے کرونک کڈنی عارضہ، نمونیا، سڑک حادثات اور دیگر وجوہات کی بنا پر زیر علاج تھے۔
No Comments: