حیدرآباد: مرکزی وزیر اور تلنگانہ بی جے پی کے صدر جی کشن ریڈی نے اعلان کیاہے کہ بی جے پی تلنگانہ میں اقتدار میں آنے پر مسلمانوں کے لیے چار فیصد ریزرویشن ختم کرنے کا وعدہ کرتی ہے۔جی کشن ریڈی نے عادل آباد اور پیدا پلی اضلاع سے بی آر ایس اور دیگر جماعتوں کے کئی قائدین کے بی جے پی میں شمولیت کے بعد پارٹی دفتر میں ایک میٹنگ سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملازمتوں اور تعلیم میں مسلمانوں کو جو کوٹہ دیا گیا ہے وہ پسماندہ طبقات کو واپس دیا جائے گا۔
کشن ریڈی نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے مہم 3 نومبر سے تیز کی جائے گی اور کئی مرکزی وزراء اور مرکزی قائدین اس مہم میں حصہ لیں گے۔ وزیر داخلہ امیت شاہ کے سوریہ پیٹ میں حالیہ اعلان کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ‘اگر بی جے پی اقتدار میں آتی ہے تو وہ پسماندہ طبقے کے لیڈر کو وزیر اعلی بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے تلنگانہ میں انقلاب آئے گا۔جی کشن ریڈی نے کہا کہ ’’کئی دہائیوں سے پسماندہ طبقات (بی سیز) بی سی کو وزیر اعلیٰ بنانے کا مطالبہ کر رہے تھے لیکن اقتدار میں رہنے والی جماعتوں نے ہمیشہ پسماندہ طبقات کے ساتھ دھوکہ کیا۔ اب بی جے پی ان کے خوابوں کو پورا کرے گی۔ آزادی کے بعد پہلی بار بی جے پی نے بی سی لیڈر نریندر مودی کو وزیر اعظم بنایا۔ جو پورے عزم کے ساتھ ملک میں کرپشن فری گورننس فراہم کر رہے ہیں۔
No Comments: