لکھنؤ: اتر پردیش میں بی جے پی لیڈر انوج چودھری کو جمعرات کی شام مراد آباد میں ان کی رہائش کے باہر بدمعاشوں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پورے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔ سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 34 سالہ انوج چودھری اپنی رہائش کے باہر ایک دوسرے شخص کے ساتھ چہل قدمی کر رہے ہیں۔ اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار تین افراد موقع پر پہنچے اور ان پر فائرنگ کر دی۔ اس دوران وہ بری طرح زخمی ہو کر زمین پر گر گئے۔
پولیس کے مطابق بی جے پی لیڈر کو نجی اسپتال لے جایا گیا جہاں ان کی موت ہو گئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ مقامی سیاست میں سرگرم انوج چودھری نے سنبھل کے اسمولی سے بلاک سربراہ کا انتخاب لڑا تھا لیکن وہ الیکشن ہار گئے تھے۔
بی جے پی لیڈر کے اہل خانہ نے اس واقعہ کے لئے سیاسی دشمنی اور اپنے حریفوں کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ پولیس کے مطابق لواحقین نے قتل میں ملوث دو افراد کے نام بتائے ہیں۔ ملزمان کے نام امت چودھری اور انی کیت ہیں۔ پولیس نے چار افراد کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
مرادآباد پولیس نے بتایا کہ دونوں فریقوں کے درمیان آپسی دشمنی تھی۔ چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ملزمان کی تلاش کے لیے پانچ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان جلد ہی سلاخوں کے پیچھے ہوں گے۔
No Comments: