کشن گنج:بہار کے کشن گنج ضلع کے پواکھلی میں کھانا پکانے کے دوران ایل پی جی سلنڈر میں آگ لگنے سے ایک خاتون اور اس کے تین بچوں کی موت ہو گئی، جبکہ دو افراد بری طرح جھلس گئے ہیں، جن کا علاج جاری ہے۔پولس کے مطابق منگل کی رات پواکھلی نگر پنچایت کے تحت نانکار گاؤں میں محمد انصار کے گھر میں کھانا پکانے کے دوران ایل پی جی سلنڈر میں لیکیج کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔ اس واقعہ میں گھر کے تمام چھ افراد بری طرح جھلس گئے۔ سبھی کو فوری طور پر علاج کے لیے مقامی پرائمری ہیلتھ سینٹر لے جایا گیا، جہاں سے انھیں صدر اسپتال بھیج دیا گیا۔ اس کے بعد ان سبھی کو بہتر علاج کے لیے پورنیہ ریفر کر دیا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ایک خاتون، اس کی دو بیٹیاں اور ایک بیٹا علاج کے دوران فوت ہوگئے۔ مرنے والوں کی شناخت محمد انصار کی بیوی صاحبہ (30)، ان کی بیٹیاں انیشا (8) اور آروشی (4) اور بیٹے انیس (5) کے طور پر کی گئی ہے۔ اس واقعے میں زخمی ہونے والے دو دیگر افراد پورنیہ کے ایک نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
No Comments: