حیدرآباد:تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ اور وزیر خزانہ ملّو بھٹی وکرمارک نے اسمبلی میں 2024-25 کے لیے 2.91 لاکھ کروڑ روپے کا بجٹ پیش کیا۔ گزشتہ سال دسمبر میں کانگریس حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد یہ پہلا مکمل بجٹ ہے۔ اپنے اس پہلے بجٹ میں کانگریس حکومت نے اہم تبدیلیاں کی ہیں اور ریاست کے محکمہ اقلیتی بہبود کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے۔ ریاستی حکومت نے محکمہ اقلیتی بہبود کے لیے 3,003 کروڑ روپے کا فنڈ مختص کیا ہے۔ اس سے قبل بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس) حکومت نے 2023-2024 کے لیے محکمہ اقلیتی بہبود کو 2200 کروڑ روپے مختص کیے تھے۔
وزیر خزانہ بھٹی وکرمارک نے درج فہرست ذات (ایس سی) ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ کے بجٹ میں کمی کی گئی ہے۔ گزشتہ سال اس محکمہ کا بجٹ 21,072 کروڑ روپے تھا جو اب گھٹ کر 7,638 کروڑ روپے رہ گیا ہے۔ اسی طرح قبائلی بہبود کے محکمے کے لیے مختص رقم کو 4,365 کروڑ روپے سے گھٹا کر 3,969 کروڑ روپے کردیا گیا ہے۔ ریاست کی کانگریس حکومت نے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کی بجٹ کے اندر بہت سی امور کے لیے یہ رقم مختص کی ہے۔ تلنگانہ کی کل آبادی کے تقریباً 14 فیصد لوگ مسلمان ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح وبہبود کے لیے مختص کیے گئے فنڈ میں رمضان المبارک کے لیے 33 کروڑ روپے اور عازمین حج کے لیے 4.43 کروڑ روپے بھی شامل ہیں۔
No Comments: