قومی خبریں

خواتین

پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنےجے شری رام کے نعرے لگانے والے ہجوم پرادئےندھی کی تنقید

ڈی ایم کے لیڈر نےکہا کہ نریندر مودی اسٹیڈیم میں مہمانوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ناقابل قبول ہے۔

چنئی: تمل ناڈو کے کھیل اور نوجوانوں کے امور کے وزیر اور ڈی ایم کے کے سینئر لیڈر ادئے ندھی اسٹالن نے احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہندوستان-پاکستان ورلڈ کپ کرکٹ میچ کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کے سامنے ‘جے شری رام کے نعرے لگانے والے ہجوم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابل قبول ہے۔ آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، اسٹالن نے ہجوم کا ذکر کیا جو میچ میں پاکستانی کھلاڑی آؤٹ ہونے پر شور مچا رہے تھے اور ‘جے شری رام کے نعرے لگا رہے تھے۔
ایکس پر ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں ڈی ایم کے لیڈر نے کہا، ’’ہندوستان اپنی کھیل اور مہمان نوازی کے لیے مشہور ہے۔ تاہم نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ جو سلوک کیا گیا وہ ناقابل قبول ہے۔ کھیلوں کو قوموں کو متحد کرنے اور حقیقی بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے۔ نفرت پھیلانے کے لیے اسے ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کرنا درست نہیں ہے۔ادئے ندھی اسٹالن کے بیان کی حمایت میں تمل ناڈو میں بہت سے کرکٹ شائقین نے اگلے دس دنوں میں چیپاک میں کھیلنے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم سے محبت اور احترام کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
لکشمی نامی ایک مداح نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہاکہ پاکستان اگلے 10 دنوں میں چیپاک میں دو میچ کھیل رہا ہے اور ہمیں بابر اعظم اور ٹیم نے احمد آباد میں جو کچھ برداشت کیا اس کا ازالہ کرنا چاہئے۔ کھیل عالمی بھائی چارے کے لیے ہیں اور کچھ لوگ اسے نفرت پھیلانے کی جگہ بنا رہے ہیں جو کہ ناقابل قبول ہے۔خیال رہے کہ احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہفتے کے روز ہندوستانی ٹیم کے یک طرفہ مقابلے میں پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دینے کے بعد شائقین نے ‘وندے ماترم گایا تھا۔ پاکستان کے کپتان اور دنیا کے بہترین بلے بازوں میں سے ایک بابر اعظم جب روہت شرما کے ساتھ ٹاس کے لیے باہر آئے تو شائقین نے ان کی بھی ہوٹنگ کی تھی۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *