نئی دہلی : ملک کے بیشتر علاقے شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی زد میں ہیں۔ وہیں اروناچل پردیش میں طوفانی بارش نے تباہی مچا رکھی ہے۔ چین کی سرحد سے متصل اروناچل پردیش میں مسلسل بارش ہو رہی ہے۔ اس سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ عام زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث کئی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔ لینڈ سلائیڈنگ سے سڑکوں کے نیٹ ورک کو زبردست نقصان پہنچا ہے۔
چین کی سرحد پر واقع وادی دیبانگ کو ملک سے ملانے والی واحد شاہراہ لینڈ سلائیڈنگ میں مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے۔ ہائی وے کا ایک حصہ بہہ گیا، جس کی وجہ سے وادی دیبانگ سے آنے اور جانے والے لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لینڈ سلائیڈنگ کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں۔اروناچل پردیش میں پچھلے کچھ دنوں سے موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔ اب اس کا اثر بھی نظر آنے لگا ہے۔ بلند پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے ریاست کے کئی حصوں میں زبردست تباہی ہوئی ہے۔ ریاست کے وزیر اعلی پیما کھانڈو نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر طوفانی بارشوں سے ہونے والی تباہی کا ویڈیو شیئر کیا ہے۔ اروناچل میں ہوئی بڑی تباہی کا اندازہ ویڈیو دیکھ کر لگایا جا سکتا ہے۔
No Comments: