قومی خبریں

خواتین

ائرپورٹ پر چھت گرنے سے مرنے والا ٹیکسی ڈرائیور گھر کا اکیلا کمانے والا تھا

بیٹے رویندرنے کہا کہ ہم سوچ نہیں پا رہے ہیں کہ والد کے بغیر ہمارا گزر بسر کیسے ہوگا

نئی دہلی :دہلی میں شدید بارش کی وجہ سے 28 جون کو ہوائی اڈے کے ٹرمینل-1 کی چھت گرنے سے جس ٹیکسی ڈرائیور کی موت ہو ئی ہے،اس کا نام رمیش کمار تھا۔ وہ جس کار میں وہ بیٹھا تھا اس پر لوہے کی ایک شہتیر گر گئی تھی، جس میں وہ دب گیا تھا۔ حادثہ کے بعد اسے ہوائی اڈے کے قریب میدانتا اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا تھا۔45 سالہ رمیش کمار کی موت سے اس کے اہلِ خانہ صدمے سےدوچار ہیں۔ دہلی کے روہنی کے وجے وہار کا رہنے والا رمیش کمار اپنے خاندان میں اکلوتا کمانے والا تھا۔ اس کے دو بیٹے اور دو بیٹیاں ہیں۔ غم میں ڈوبے ہوئے بیٹے رویندر کا کہنا ہے کہ ہم سوچ بھی نہیں پا رہے ہیں کہ والد کے بغیر ہمارا گزر بسر کیسے ہوگا۔ رویندرنے بتایا کہ اسے صبح 8.30 بجے فون آیا کہ اس کے والد بے ہوش ہوگئے ہیں اور انہیں اسپتال لے جایا گیا ہے۔ جب وہ ایئرپورٹ پہنچ کر پولیس کے پاس گیا تو وہ اسے گھروالوں کے ساتھ تھانے لے گئے اور شام 4 بجے تک انہیں وہاں رکھا۔ اس کے بعد پولیس انہیں اسپتال لے گئی لیکن یہ نہیں بتایا کہ رمیش کمارکی موت ہوگئی ہے۔ 2-3 گھنٹے انتظارکے بعد کہا گیا کہ اگلے دن آکر پوسٹ مارٹم کے بعد لاش لے جائیں۔
رمیش کمار کے اہل خانہ کا دکھ اس بات سے مزید بڑھ گیا ہے کہ اس کی دو بیٹوں کی شادی ہونے والی ہے اور رمیش بیٹیوں کی شادی کے لیے پیسے جمع کر رہا تھا۔ گھر والے اب پریشان ہیں کہ وہ گھر کے اخراجات کیسے پورے کریں گے۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ حادثے کی جوڈیشل انکوائری ہو اور انہیں مناسب معاوضہ ملے۔ واضح رہے کہ یہ واقعہ جمعہ کی صبح 5 بجے پیش آیا۔ صبح 3 بجے سے مسلسل بارش ہو رہی تھی۔ شدید بارش کی وجہ سے ٹرمینل 1 کے ڈیپارچر ایریا کے اوپر کی چھت گر گئی تھی، جس کے بعد یکے بعد دیگرے بیم گرنے لگے اور چھت کے نیچے کھڑی کئی کاریں دب گئیں۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *