نئی دہلی: دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن کوثر جہاں کے مطابق حج بیت اللہ 2024 کے لئے عازمین حج کی روانگی کا عمل 9 مئی کی دیر رات سے شروع ہوگا اور 25 مئی تک جاری رہے گا۔ حج 2024 کے پہلے مرحلے میں دہلی امبارکیشن پوانٹ سے 16500 عازمین حج روانہ ہوں گے جس میں دیگر مختلف صوبوں کے عازمین کے علاوہ دہلی کے 3200 عازمین حج بھی شامل ہیں۔عازمین حج کو ارکان و مسائل اور دوران حج پیش آنے والے مختلف معاملات و مسائل سے متعلق تربیت فراہم کرنے کے لئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی جانب سے دہلی کے مختلف علاقوں میں حج کمیٹی کے ذریعے تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں 28 اپریل بروز اتوار کو جامعہ ہمدرد یونیورسٹی، مرکز جماعت اسلامی (ہند) ابوالفضل انکلیو، مصطفی آباد، جنک پوری، موج پور اور گیتا کالونی میں حج تربیتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔جامعہ ہمدرد یونیورسٹی کے کنونشن ہال میں منعقدہ حج تربیتی پروگرام میں عازمین حج کو مبارکباد دیتے ہوئے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئر پرسن کوثر جہاں نے کہا کہ گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ذریعے عازمین کی سہولیات کے لیے دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں مکمل ایرکنڈیشن حج کیمپ اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لئے سبھی انتظامات مکمل کئے جا رہے ہیں۔اس کے لیے دہلی حکومت کے ایڈیشنل چیف سکریٹری ریونیو شری اشونی کمار کی صدارت میں حج انتظامات کو یقینی بنانے کے لئے حال ہی میں دہلی سیکریٹریٹ کے آڈیٹوریم میں مختلف متعلقہ محکموں کے افسران کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں دہلی پولیس، ایم سی ڈی، محکمہ صحت کے افسران نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ حج 2024 کو کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کے لیے مختلف سطحوں پر الگ الگ کئی میٹنگیں منعقد کی گئیں، جن میں وزارت اقلیتی امور، حج کمیٹی آف انڈیا، وزارت شہری ہوا بازی اور ایئرپورٹ اتھارٹی کی میٹنگیں خاص طور پر اہم ہیں۔ حج منزل، مسجد درگاہ فیض الٰہی، رام لیلا میدان اور اندرا گاندھی ایئرپورٹ پر اعلیٰ سطح پر ہر قسم کی سہولیات فراہم کرنے کے انتظامات کر لئے گئے ہیں اور عازمین حج کو کسی قسم کی پریشانی کے بغیر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو آفیسر اشفاق احمد عارفی نے مختلف مقامات پر حج ٹریننگ میں شرکت کرتے ہوئے بتایا کہ دہلی حکومت کے ہیلتھ ڈائریکٹوریٹ کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم بھی عازمین حج کو مختلف قسم کے ٹیکے لگانے کے لیے کام کر رہی ہے اور 26 مئی سے عازمین کو علاقے کے حساب سے ٹیکے لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکہ لگانے کے لئے عازمین کو ان کے موبائل فون پر اطلاع دی جائے گی، جس تاریخ پر بلایا جائے اسی تاریخ پر ٹیکہ کے لئے حج منزل تشریف لائیں۔
No Comments: