قومی خبریں

خواتین

تمل ناڈو کے گورنرکا اسٹالن کے وزیر کو حلف دلانے سے انکار

ریاست میں گورنر ۔وزیر اعلیٰ اختلاف سے آئینی بحران پیداہوگیا

چنئی: تمل ناڈو کے گورنر آر این روی کی ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن کےمابین اختلاف آج اس وقت عروج پر نظر آیا جب گورنر نے کے پونموڈی کو حلف دلانے سے انکار کر دیا ہے، جو وزیر اعلیٰ کی درخواست پر ریاستی کابینہ میں وزیر کے طور پر واپس آناچاہتے ہیں۔ غیر متناسب اثاثہ جات کیس میں دسمبر 2023 میں مدراس ہائی کورٹ کی طرف سے مجرم ٹھہرائے جانے کے بعد، سابق اعلیٰ تعلیم کے وزیر کے پونموڈی کو اپنا عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔سپریم کورٹ نے بعد میں پونموڈی کی سزا پر روک لگا دی تھی، جس کے بعد اسمبلی کے اسپیکر ایم اپاوو نے بدھ کے روز پونموڈی کی اسمبلی سیٹ تھروککوئیلور کو خالی قرار دینے والے اپنے پہلے نوٹیفکیشن کو منسوخ کر دیا۔ اس کے بعد وزیر اعلی اسٹالن نے جمعرات کو پونموڈی کی حلف برداری کے لیے راج بھون کو درخواست بھیجی۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا کہ گورنر روی نے جمعرات کو پونموڈی کو وزیر کے عہدے کا حلف دلانے سے انکار کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گورنر پونموڈی کی حلف برداری سے متعلق قانونی مشورہ لینے کے لیے دہلی جائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ پونموڈی ولوپورم علاقے کے طاقتور لیڈر ہیں اور ریاست کے شمالی حصوں میں ڈی ایم کے کے مضبوط لیڈر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ کابینہ میں ان کی موجودگی سے آنے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل پارٹی کو کافی مدد ملنے کا امکان ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *