دہلی میں اگلے سال کی شروعات میں اسمبلی انتخابات ہونے ہیں۔ ایسے میں کانگریس نے ابھی سے ہی انتخاب کی تیاری شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں پارٹی 23 اکتوبر سے ‘نیائے یاترا’ نکالنے جا رہی ہے۔ اس یاترا میں راہل گاندھی کے ساتھ ساتھ پرینکا گاندھی اور پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے بھی شامل ہوں گے۔
جانکاری کے مطابق تہواروں کو ذہن میں رکھتے ہوئے 4 مرحلوں میں ‘نیائے یاترا’ نکالی جائے گی۔ پہلے مرحلہ کی یاترا 23 سے 28 اکتوبر کے درمیان ہوگی۔ اس کے بعد دیوالی تہوار کو دیکھتے ہوئے قریب ایک ہفتہ کا فاصلہ رکھا گیا ہے کیونکہ اس وقت لوگ اپنے اپنے تہوار میں مصروف رہیں گے۔ دوسرا مرحلہ 4 نومبر سے شروع ہوگا جو 10 نومبر تک چلے گا۔ 12 سے 18 نومبر تک تیسرے اور 20 سے 28 نومبر تک چوتھے مرحلے کی ‘نیائے یاترا’ نکلے گی۔
کہا جا رہا ہے کہ ‘نیائے یاترا’ کے دوران کانگریس پارٹی دہلی میں بی جے پی کے تین بار سے جیت رہے اراکین پارلیمنٹ کی ناکامی کے بارے میں بتاتے ہوئے اسی کو اپنا موضوع بنائے گی۔ ساتھ ہی کانگریس عوام کو شیلا دکشت حکومت کے دور کو یاد دلاتے ہوئے مودی حکومت، لیفٹیننٹ گورنر اور عام آدمی پارٹی کے جھگڑے پر بھی حملہ آور ہوگی۔
حالانکہ کانگریس پارٹی نے یہ صاف کر دیا ہے کہ مرکزی طور پر عام آدمی پارٹی انڈیا اتحاد کا حصہ بنی رہے گی۔ کانگریس ترجمان آلوک شرما نے کہا کہ دہلی انتخاب کو لے کر پارٹی اعلیٰ کمان نے فیصلہ لیا ہے کہ پنجاب اور ہریانہ کی طرز پر راجدھانی میں کانگریس اکیلے انتخابی میدان میں اترے گی۔ یہاں تک عام آدمی پارٹی کے ساتھ کوئی بھی اتحاد نہیں ہوگا۔
No Comments: