قومی خبریں

خواتین

قومی راجدھانی دہلی میں ہونے والی جی 20کانفرنس کی تیاریاں مکمّل

-سیکوریٹی کیلئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے - 50ہزار پولیس اہلکار تعینات -آرٹی فیشیل انٹیلی جنس کا بھی سہارا لیاگیا

نئی دہلی :قومی راجدھانی دہلی میں ہونے والی جی20سمٹ کی تیاریاں مکمّل ہو چکی ہیں۔ مہمانوں کی سیکوریٹی سے لے کر ان کے قیام اوران کے کھانے پینے کے انتظامات  کرلئے گئے ہیں۔ ہندوستان جو امسال جی20کا  صدر   ہے9اور10 جولائی کو دہلی میں جی20 ممالک  کے سربراہان مملکت کی چوٹی کانفرنس منعقد کرنے جارہاہے۔ اس سلسلے میں نئی دہلی کا نقشہ بدل کر رکھ دیاگیاہے۔ اس کے ساتھ ہی میٹرو اورٹریفک کے تعلق سے  ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے۔
چوٹی کانفرنس کیلئے اندرون ِ دہلی ہی ٹریفک  اور میٹرو کے خصوصی انتظامات نہیں کئے گئے ہیں  بلکہ   انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر بھی خاص انتظامات کئے گئے ہیں۔ اس دوران متعدد پروازیں  منسوخ ہوں گی جبکہ ایئر پورٹ پر29 اگست سے ہی  پیرا گلائیڈر، ہینگ گلائیڈر اور   اس طرح کی دیگر چیزو کی پرواز پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
سیکوریٹی کیلئے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ایک طرف جہاں 50ہزار پولیس اہلکاروں  کی تعیناتی کی گئی ہے وہیں آرٹی فیشیل انٹیلی جنس کا بھی سہارا لیاگیاہے۔ جی20 کی سیکوریٹی پر تعینات کئے گئے اہلکاروں کیلئے خصوصی وردی بھی  وضع کی گئی ہے۔اس کے ساتھ ہی دہلی میں اینٹی ٹیرر اسکواڈ بھی تعینات کردیاگیاہے۔
بین الاقوامی سیکوریٹی اور خفیہ ایجنسیاں مثلاً  امریکہ کی سی آئی اے، برطانیہ کی ایم آئی -۶؍ اور چین کی ایم ایس ایس کی ٹیمیں بھی دہلی میں سرگرم ہیں کیوں کہ ان ممالک کے سربراہان چوٹی کانفرنس میں شرکت کرنے والے ہیں۔  دہلی کے جن ہوٹلوں میں مختلف ممالک کے صدر اور وزیراعظم رکیں گے،ان ہوٹلوں کی سیکوریٹی کے ساتھ ہی ساتھ جلسہ گاہ تک آنے جانے کے راستے پر کی سیکوریٹی کی ذمہ داری ہندوستانی ایجنسیوں  نے سنبھال لی ہے مگر بین الاقوامی ایجنسیوں کو بھی  ان تیاریوں کی اطلاع دے دی گئی ہے۔
سربراہ کانفرنس میں آنے والے مندوبین نہ صرف دنیا کے سلگتے ہوئے مسائل اور اقتصادی موضوعات پر گفتگو کریں گے بلکہ وہ ہندوستانی لذیذ پکوانوں سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔ روس کے صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کی غیر موجودگی میں منعقد ہونے والی اس کانفرنس میں مرکزی حکومت نے سربراہان مملکت کی بیگمات اور خواتین نمائندوں کو جدید طرز میں تیار کردہ قدیم ہندوستانی پکوانوں کا ذائقہ لینے کیلئے مدعو کیا ہے۔
انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ، پوسہ میں مہمانوں کو نہ صرف موٹے اناج سے بنے پکوانوں کا ذائقہ لینے، بلکہ انہیں تیار کرکے عالمی تھالی میں پیش کرنے کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے لیے پوسہ میں ’’لائیو کوکنگ ایریا‘‘ بنایا گیا ہے۔ دنیا کے تین نامور باورچیوں کنال کپور، اجے چوپڑا اور اناہیتا ڈھونڈھی کو قدیم موٹے اناج خصوصاً  جوار، باجرا، راگی وغیرہ سے پکوان تیار کرنے کے لیے خصوصی طور پر بلایا گیا ہے۔

No Comments:

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *