نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو یہاں راشٹرپتی بھون کلچرل سینٹر میں نیتی آیوگ کی گورننگ کونسل کی اہم نویں میٹنگ کی صدارت کی اور کہا کہ ملک کو ایک ترقی یافتہ قوم بنانے میں ریاستوں کا کردار اہم ہے۔میٹنگ سے متعلق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے ابتدائی خطاب میں کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف ہر ہندوستانی کی امنگوں سے جڑا ہوا ہے۔مرکز میں نئی حکومت کی تشکیل کے بعد نیتی آیوگ کی اس مکمل میٹنگ کا انعقاد کیا گیا ہے تاکہ مختلف ترقیاتی مسائل اور پالیسی کے موضوعات پر بات چیت کی جاسکے۔ میٹنگ کے ایجنڈے میں ہندوستان کو 2047 تک ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے ہدف سے متعلق امور پر زور دیا جا رہا ہے۔ میٹنگ کا مرکزی موضوع ‘ترقی یافتہ ہندوستان 2047’ ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو چھوڑ کر اپوزیشن جماعتوں کے زیر اقتدار ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے اجلاس کا بائیکاٹ کیا ہے۔ وہ اس بار کے عام بجٹ میں امتیازی سلوک کا الزام لگا رہی ہیں۔ محترمہ بنرجی نے کارروائی کے طریقہ کار پر احتجاج کرتے ہوئے میٹنگ کو درمیان میں ہی چھوڑ دیا۔کمیشن کی آج کی میٹنگ کا مقصد ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے اور مرکز اور ریاستوں کے درمیان ‘ٹیم انڈیا’ کے طور پر ٹیم ورک کو فروغ دینے کے لیے ایک وسیع خاکہ تیار کرنا ہے۔ بحث کے موضوعات میں شراکتی حکومت کو فروغ دینا اور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینا جیسے کہ ڈیلیوری میکانزم کو مضبوط بنا کر دیہی اور شہری آبادی کے معیار زندگی کو بڑھانا شامل تھا۔
میٹنگ میں 2047 کے ترقی یافتہ ہندوستان کے ہدف کو حاصل کرنے میں ریاستوں کے کردار پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ذرائع کے مطابق بی جے پی کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے وزیر اعظم مودی کے سامنے پریزنٹیشن دی۔ اس میں انہوں نے متعلقہ ریاستوں میں اپنی حکومتوں کی اہم کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔واضح رہے کہ اس وقت ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے اور مضبوط اقتصادی ترقی کے ساتھ ہندوستان جلد ہی دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کے راستے پر گامزن ہے۔ سال 2023-24 میں ہندوستان کی اقتصادی ترقی کی شرح 8.2 فیصد تھی۔ رواں مالی سال میں یہ 6.5 فیصد سے سات فیصد کے درمیان رہنے کا تخمینہ ہے۔
حکومت نے سال 2047 تک ملک کی مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کو 30 ٹریلین ڈالر تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ ہندوستانی معیشت کی مالیت تقریباً چار ٹریلین ڈالر ہے۔آج کی میٹنگ کے دوران سائبر سیکیورٹی، خواہش مند اضلاع اور بلاک پروگرام، گورننس میں ریاستوں اور اے آئی کے کردار پر غور و خوض کے لیے خصوصی سیشن بھی منعقد کیے گئے، جن پر چیف سیکریٹریز کی تیسری قومی کانفرنس کے دوران بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں گزشتہ سال دسمبر میں منعقدہ چیف سیکرٹریز کی تیسری قومی کانفرنس کی سفارشات کا بھی نوٹس لیا گیا۔وزیر اعظم کی زیرقیادت کونسل میں تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے لیفٹیننٹ گورنرز اور کئی مرکزی وزراء شامل ہیں۔
No Comments: