کیرالہ کے ضلع وائناڈ میں مقامی لوگوں کی دھڑکنیں آج اس وقت بہت زیادہ بڑھ گئیں جب انھیں ایک عجیب اور پُراسرار آواز سنائی دی۔دراصل جمعہ (9 اگست) کی صبح زیر زمین سے ایک تیز آواز اور گونج سنائی دی جس نے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ افسران کو بھی حیران کر دیا۔ یہ آواز کیوں ہوئی اور کہاں سے آئی، اس سلسلے میں فی الحال کچھ بھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اس پُراسرار آواز کے بعد مقامی افراد کے ساتھ ساتھ افسران بھی دہشت میں نظر آ رہے ہیں۔گزشتہ ماہ پیش آئے خوفناک لینڈ سلائڈ کے واقعہ سے ابھی تک لوگ باہر نہیں نکل پائے ہیں۔ مہلوکین کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جا رہی ہے اور 150 سے زائد لاپتہ افراد کی اب تلاش جاری ہے۔
وائناڈ ضلع کے افسران کا کہنا ہے کہ انبالاوایل گاؤں اور وایریتھری تعلقہ کے کچھ علاقوں میں تیز آواز اور گونج محسوس کی گئی ہے۔ کیرالہ ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (کے ایس ڈی ایم اے) کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ وہ اس بات کا پتہ لگا رہے ہیں کہ کیا زلزلہ کے جھٹکے آئے تھے۔ ساتھ ہی افسران اس علاقے پر نظر بھی رکھ رہے ہیں جہاں سے پُراسرار آواز سنائی دی تھی۔ وہ دیکھ رہے ہیں کہ اس علاقے میں کہیں کچھ غلط تو نہیں ہو رہا ہے۔ افسران کا کہنا ہے کہ فی الحال زلزلہ سے متعلق کسی سرگرمی کا اشارہ نہیں ملا ہے۔
No Comments: